سپریم کورٹ نے سابق سینیٹر فیصل رضاعابدی اور نجی چینل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا،

3مئی تک فیصل رضاعابدی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

بدھ 18 اپریل 2018 23:21

سپریم کورٹ نے سابق سینیٹر فیصل رضاعابدی اور نجی چینل کو توہین عدالت ..
اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے توہین آمیز تقریرکے معاملے پر سابق سینیٹر فیصل رضاعابدی اور نجی چینل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 3مئی تک فیصل رضاعابدی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے توہین آمیز تقریر کے معاملے پراز خود نوٹس کیس پر سماعت کی تو عدالتی حکم کے باوجود فیصل رضا عابدی پیش نہیں ہوئے سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کہاں ہے وہ جس نے گالیاں نکالی ہیں ، کیا یہ آزادی رائے ہی ، نجی چینل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ معذرت کرچکے ہیں اینکرکوبھی فارغ کردیا ہے، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ کیا چینل نے پروگرام آن ایئر ہونے سے پہلے نہیں دیکھا ، پروگرام چلنے کے بعد معافی مانگ لیتے ہیں، کیا ایسے معافی ہوتی ہی ، معافی قبول نہیں کر رہے، عدالت نے فیصل رضا عابدی اور نجی چینل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیاکہ سابق سینیٹر کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 مئی تک ملتوی کردی ہے۔