پنجاب پیپلزپارٹی کا قلعہ تھا، ہے اور رہے گا، جیالے اور جانثار بھرپور قوت سے آئندہ انتخابات لڑیں گے، آصف علی زرداری

اب وقت بدل چکا ہے، دھاندلی کرنے دی جائے گی انہ ہی انتخابی نتائج چوری کرنے دئیے جائیں گے،سابق صدرکی پنجاب کے رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 18 اپریل 2018 20:36

پنجاب پیپلزپارٹی کا قلعہ تھا، ہے اور رہے گا، جیالے اور جانثار بھرپور ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب پیپلزپارٹی کا قلعہ تھا، ہے اور رہے گا، جیالے اور جانثار بھرپور قوت سے آئندہ انتخابات لڑیں گے، ماضی میں انتخابات کے نتائج چوری کئے جاتے رہے ہیں، اب وقت بدل چکا ہے، نہ دھاندلی کرنے دی جائے گی اور نہ ہی انتخابی نتائج چوری کرنے دئیے جائیں گے۔

بدھ کے روز زرداری ہائوس میں پیپلزپارٹی کے رہنمائوں جڑانوالہ سے سابق ای پی اے رائے محمد شاہجہان خان کھرل، رائے عمر کھرل، رائے فیصل ریاض کھرل اور سیکرٹری محمد اسلم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔ رائے محمد شاہجہان کھرل نے سابق صدر کو یاد دلایا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جڑانوالہ کو گیس اور دیہات کو بجلی کی سہولیات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

جڑانوالہ کے عوام محترمہ بینظیر بھٹو کا یہ احسان کبھی نہیں بھولے۔ انہوں نے آصف علی زداری کو لنڈیانوالہ آنے کی دعوت بھی دی جو سابق صدر نے قبول کر لی۔ آصف علی زرداری نے وفد کو ہدایت کہ کہ وہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو متحرک کریں تاکہ وہ گھر جا کر پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کا مینڈیٹ لے کر اقتدار میں آتی ہے۔ پیپلزپارٹی دوبارہ اقتدار میں آکر نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کے مواقع فراہم کرے گی تاکہ بیروزگاری کا خاتمہ ہو۔