امریکہ میں پاکستانی سفارتکاروں کی نقل وحرکت پر پابندی سفارتی آداب کیخلاف ہے‘میاں مقصود احمد

امریکی غلامی کا دم بھرنے والے حکمران ملک وقوم کے غدارہیں،متحدہ مجلس عمل ملک وقوم کو سامراجی قوتوں کے چنگل سے آزادکرائے گی صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب وامیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدکامنصورہ میںامرائے اضلاع کے اہم اجلاس سے خطاب

بدھ 18 اپریل 2018 20:15

امریکہ میں پاکستانی سفارتکاروں کی نقل وحرکت پر پابندی سفارتی آداب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ امریکی حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتکاروں کی بلااجازت نقل وحرکت پر پابندی انتہائی قابل مذمت ہے،اس اقدام سے ملک وقوم کاوقار مجروح ہواہے ،حکومت پاکستان سفارتی آداب کی خلاف ورزی پر امریکی سفیر کو طلب کرے اور ملکی وقومی جذبات کوامریکی حکام تک پہنچائے ،پاکستان ایک آزادوخودمختار ملک ہے اور امریکہ سمیت اقوام عالم کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہشمند ہے ،پاکستان کے عوام امریکہ کی غلامی کوکسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں امرائے اضلاع کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے امریکی غلامی کاطوق گلے میں ڈال کردنیا میں صرف اور صرف بدنامی اکٹھی کی ہے۔امریکہ نہ ماضی میں ہماراخیرخواہ تھا اور نہ ہی آج ہماری خودمختاری کااحترام کررہا ہے۔ڈرون حملوں سے لے کر ریمنڈڈیوس نیٹ ورک اور قاتل کرنل جوزف تک اس کی حقیقت کھل کر سامنے آچکی ہے۔

پاکستان میں دہشتگردی کے ان گنت واقعات میں امریکہ اور بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت ہماری وزارت داخلہ کے پاس موجود ہیں۔امریکی خفیہ تنظیم سی آئی اے ہنوزپاکستان کے اندر اپنی مذموم کارروائیوں میں مصروف ہے۔سی آئی اے،راء اورموساد کاپاکستان کے خلاف گٹھ جوڑ کسی سے ڈھکاچھپانہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی عزت ووقار کے لیے ضروری ہے کہ حکمران 22کروڑ عوام کی امنگوں کی ترجمانی کریں ۔

امریکی غلامی کا دم بھرنے والے حکمران ملک وقوم کے غدارہیں،ان سے نجات حاصل کیے بغیر ملک کو امن کا گہوارہ نہیں بنایاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزررہا ہے۔بیرونی دشمن چاروں اطراف سے ہم پر حملہ آور ہیں۔وہ دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی ریاست کے وجود کو برداشت نہیں کرناچاہتے اور اس کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔

ان کامقابلہ کرنے کے لیے ہمیں بحیثیت پاکستانی قوم اتحادویکجہتی کی ضرورت ہے۔ملکی سا لمیت اور خودمختاری کاتقاضایہ ہے کہ دوستوں اور دشمنوں میں تمیزکی جائے۔حکمرانوں کی غلامانہ اور بزدلانہ پالیسیوں نے ملک وقوم کوناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ متحدہ مجلس عمل کی قیادت ہی ملک وقوم کوسامراجی قوتوں کے چنگل سے آزادکراسکتی ہے۔قوم نے سیکولراور لبرلزکو آزمالیااب متحدہ مجلس عمل کی دینی قیادت انشاء اللہ برسراقتدار آکرپاکستان میں اسلامی فلاحی مملکت کاقیام عمل میں لائے گی۔