بلوچستان صوبہ قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال ہے، قدرتی ومعدنی وسائل کے درست استعمال سے بلوچستان ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کی یورپی یونین کے سفیر سے بات چیت

بدھ 18 اپریل 2018 20:03

بلوچستان صوبہ قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال ہے، قدرتی ومعدنی ..
کوئٹہ ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا صوبہ قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال ہے لیکن جدید بنیادی ڈھانچہ اور ضروری وسائل کی کمی کے باعث بلوچستان کے وسائل کو بروئے کار نہیں لایا جاسکا تاہم موجود حکومت کی بھر پور کوشش ہے کہ دستیاب وسائل ، بیرونی تعاون اور افراد ی قوت کو ترقی دے کر صوبے کے گراں قدرقدرتی وسائل سے بھر پور استفادہ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی ومعدنی وسائل کے درست استعمال سے بلوچستان ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یورپی یونین کے سفیر MR.JEAN FRANCOIS CUATAIN) کے ساتھ گورنر ہاؤس کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ملاقات کے دوران بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں ، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے یورپی یونین کے سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی آبادی قلیل اور وسیع رقبہ کی وجہ سے منتشر ہے جس کی وجہ سے عوام تک بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا کام خاصا ً مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ موجودہ حکومت عوام کو تعلیم ، صحت اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور کاوشیں کررہی ہے تاہم تعلیم کے شعبے میں باالخصوص استعداد کار بڑھانے ، متعلقہ لوگوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ٹیکنالوجی تعلیم کیلئے اگر بین الاقوامی ادارے مدد و تعاون فراہم کریں تو یہاں بہترنتائج حاصل ہوسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ معاشی و تجارتی سرگرمیوں میں معاشرے کی عظیم اکثریت کی شمولیت و شرکت کو یقینی بنانے پر بھر پور توجہ مرکوز کریں ۔ گورنر نے کہا کہ ملک اور صوبے میں موجود مذہبی اقلیتی صدیوں سے یہاں آباد ہیں اور حکومت ان کے تحفظ اورمذہبی آزادی کو برقرار رکھنے کیلئے بھر پور اقدامات کررہی ہے ۔ اس کے علاوہ خطے میںبدلتی ہوئی معاشی و سیاسی صورتحال اور نئی پیش رفت سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور نئے دستیاب مواقعوں سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور عوامی ضرورتوں پر بھر پور توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سردست معاشی ترقی و خوشحالی کے حصول کیلئے تجارتی سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کرنے اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔