وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کی ملاقات

خیبرپختونخواہ میں ترقی اور خوشحالی کا انقلاب پاکستان مسلم لیگ (ن) لائے گی،شہبازشریف شہبازشریف کی قیادت میں لاہور سمیت تمام شہروں میں قابل رشک ترقی ہوئی،پنجاب سپیڈ جلد کے پی کے سپیڈ میں بدلنے کو ہے ،انجینئر امیر مقام

بدھ 18 اپریل 2018 20:26

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام ..
لاہور۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی جس میں سیاسی امور اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو تبدیلی اور انقلاب کے نام پر دھوکہ دیا گیا۔

’’بلین ٹریز‘‘ کے نام پر دھوکہ دینے والے قوم کے رہنما کیسے ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ترقی اور خوشحالی کا انقلاب پاکستان مسلم لیگ (ن) لائے گی۔ پشاور سمیت کے پی کے کے بڑے شہروں میں میٹرو بس اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم لائیں گے اور خیبرپختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں حقیقی انقلاب برپا کریں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے ترقیاتی وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پنجاب میں لاہور سمیت تمام شہروں میں قابل رشک ترقی ہوئی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی پنجاب سپیڈ جلد کے پی کے سپیڈ میں بدلنے کو ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پی کے سمیت ملک بھر میں بھاری اکثریت حاصل کرے گی۔