نواز شریف ،مریم نواز کی لندن روانگی ’’ فراری‘‘ میں بدلی تو ذمہ دار وزارت داخلہ ہوگی‘محمود الرشید

نیب کی سفارشات کے باوجود نام ای سی ایل میں نہ ڈال کر ملزمان کو فائدہ پہنچایا گیا‘اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی

بدھ 18 اپریل 2018 18:03

نواز شریف ،مریم نواز کی لندن روانگی ’’ فراری‘‘ میں بدلی تو ذمہ دار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی لندن روانگی ’’ فراری‘‘ میں بدلی تو ذمہ دار وزارت داخلہ ہوگی،نیب کی سفارشات کے باوجود نام ای سی ایل میں نہ ڈال کر ملزمان کو فائدہ پہنچایا گیا۔ نواز شریف اور مریم نواز کے لندن جانے پراپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت کی کارروائی کو طول دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، قوم جرح مکمل ہونے کے بعد ملزمان کے بیرون ملک جانے پر تشویش میں مبتلا ہے،اسحاق ڈار کلیہ نواز شریف اور مریم نواز پر اپلائی کیا جا رہا ہے۔

میاں محمودالرشید نے کہا کہ امید ہے نواز شریف واپس آئیں گے لیکن عالب امکان یہ بھی ہے کہ انٹرپول کے ذریعے واپس لایا جائے کیونکہ لندن روانگی ہے تو یہ اچھی بات ہے ورنہ فرار کو تو ہمیشہ برا ہی مانا گیا ہے، وزارت داخلہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کی سفارشات کے باوجود نام ای سی ایل میں نہ ڈال کر ملزمان کو فائدہ پہنچایا گیا، سابق وزیراعظم اور انکی صاحبزادی کی لندن روانگی ’’ فراری‘‘ میں بدلی تو ذمہ دار بھی وزارت داخلہ ہوگی۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے کہا کہ خواتین کو ڈھال بناکر سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کرانا بھی عدلیہ پر حملہ ہے، حالات کو دانستہ خراب کیا جا رہا ہے،الیکشن کھٹائی میں پڑنے کا اندیشہ ہے، شریف خاندان پیسہ واپس لے آئے تو کیس کی اہمیت باقی نہیں رہے گی، لہٰذا نواز شریف کو مشورہ ہے اب بھی لوٹی دولت واپس ملک میں لے آئیں اور قوم سے معافی مانگ لیں۔