ْجیلوں میں نظربند رہنمائوں کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے‘سید علی گیلانی

کشمیری حریت پسند ضمیر کے قیدی ہیں اور ان کا واحد قصور یہ ہے کہ وہ اپنے پیدائشی حق آزادی کا پٴْرامن مطالبہ کررہے ہیں مسرت عالم بٹ 8برس سے مسلسل کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی طورپر نظربند ہیں‘بیان

بدھ 18 اپریل 2018 17:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے بھارت اورکشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری حریت پسندوںکی حالت زار پر شدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیلوں میں نظربند رہنمائوں کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جیل انتظامیہ نے جملہ اسیرون کا قافیہ حیات تنگ کررکھا ہے اور انہیں بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جیلوں میں نظربندوں کو علاج معالجے اور مناسب خوراک سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے اور انہیں تنگ وتاریک کوٹھریوں میں مقید کرکے جسمانی طور معذور بنانے کی دانستہ کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

سیدعلی گیلانی نے کہاہے کہ بھارت کے بدنامِ زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کے عارضہ قلب سمیت کئی مہلک امراض میں مبتلا ہیںاور علاج معالجے سے محرومی کی وجہ سے ان کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری حریت پسند ضمیر کے قیدی ہیں اور ان کا واحد قصور یہ ہے کہ وہ اپنے پیدائشی حق آزادی کا پٴْرامن مطالبہ کررہے ہیں۔انہوں نے تہاڑ جیل میں نظربند دیگر رہنمائوں الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، شاہد یوسف، شاہد الاسلام، تاجر ظہور احمد وٹالی، منظور احمد ڈاراور محمد اسلم وانی کی غیر قانونی نظربندی کی بھی مذمت کی۔