میرشکیل کا تکبر اتنا زیادہ ہے،وہ آج بھی پیش نہیں ہوئے،جسٹس ثاقب نثار

میرشکیل بیمارہیں،تواسٹریچر پر پیش کیا جائے،آئندہ سماعت پیرہوگی اگرمیرشکیل پیش نہ ہوئے توتوہین عدالت کا نوٹس جاری کریں گے۔چیف جسٹس سپریم کورٹ کے ریمارکس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 18 اپریل 2018 16:44

میرشکیل کا تکبر اتنا زیادہ ہے،وہ آج بھی پیش نہیں ہوئے،جسٹس ثاقب نثار
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2018ء) : چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے میرشکیل الرحمن کی عدم پیشی پربرہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ میرشکیل کا تکبر اتنا زیادہ ہے کہ وہ آج بھی پیش نہیں ہوئے، میرشکیل بیمار ہیں ، تواسٹریچر پر پیش کیا جائے،آئندہ سماعت پیر ہوگی اگر میرشکیل پیش نہ ہوئے توتوہین عدالت کا نوٹس جاری کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں جیو اور جنگ گروپ کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیس کی سماعت ہوئی۔جبکہ میرشکیل الرحمن آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔چیف جسٹس سپریم کورٹ نے میرشکیل الرحمن کی عدم پیشی پربرہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ یہ افسوس ناک ہے کہ میرشکیل عدالت میں پیش نہیں ہورہے۔

(جاری ہے)

میرشکیل کا تکبر اتنا زیادہ ہے کہ وہ آج بھی پیش نہیں ہوئے۔

میر شکیل ایک سماعت میں پیش ہوئے توانہوں نے عدالت کے باہرجاکر کہا کہ عدالتی آرڈر بے ہودہ ہے۔عدالتوں کوبے ہودہ نہیں کہا جاتا۔تنقید کا بھی کوئی طریقہ ہوتا ہے۔یہ کلچر درست نہیں ہے۔جب میر شکیل آئیں گے توایک ویڈیو بھی چلائیں گے کہ عدلیہ کا احترام کیا چیز ہے؟عدلیہ کوبے ہودہ نہیں کہا جاتا مناسب تنقید کی جاسکتی ہے۔وکیل میرشکیل نے کہا کہ آج پیشی پرمیر شکیل کے بیٹے میر ابراہیم آئے ہیں۔

جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ میر ابراہیم کون ہیں۔لیکن سب کومعلوم ہے کہ میرشکیل جنگ گروپ کے مالک ہیں۔ان کے پاس کوئی عہدہ اگر نہیں بھی ہے تب بھی تنخواہوں کی ذمہ داری ان پرآتی ہے۔چیف جسٹس نے میرشکیل کے بیٹے سے پوچھا کہ آپ کون ہیں؟ انہوں نے کہاکہ میں میر ابراہیم ہوں۔چیف جسٹس نے کہا کہ میں آپ کونہیں جانتا۔وکیل نے کہاکہ یہ سی ای او جنگ گروپ ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ویسے میر شکیل کہاں ہیں؟وہ کیوں نہیں آئے؟ عدالت نے کہاکہ میرشکیل بیمار ہیں ، توان کواسٹریچر پرعدالت میں پیش کیا جائے۔آئندہ سماعت پیر ہوگی اگر میرشکیل پیش نہ ہوئے توتوہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔۔۔ویڈیو بھی دیکھیں