دوسرا بین الاقوامی میری ٹائم اکیڈمیز سیمینار 18تا 19اپریل کراچی میں منعقد ہوگا

ْمالدیپ ،ملائیشیا ،کینیا ،یوکرائن ،موریشس ،سوئیڈن اور تنزانیہ سمیت 7ممالک کے 24 وفود شرکت کریں گے دنیا کی واحد اکیڈمی ہے جس میں بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا جاتا ہے ،کموڈور اکبر نقی کی پریس کانفرنس

بدھ 18 اپریل 2018 08:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان میرین اکیڈمی کے زیر اہتمام دوسرا بین الاقوامی میری ٹائم اکیڈمیز سیمینار 18تا 19اپریل کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگا ،جس میں مالدیپ ،ملائیشیا ،کینیا ،یوکرائن ،موریشس ،سوئیڈن اور تنزانیہ سمیت 7ممالک کے 24 وفود شرکت کریں گے ۔سیمینار کے انعقاد کامقصد پاکستان میں میری ٹائم سیکٹر کو فرو غ دینا ہے ۔

پاکستان کی میری ٹائم اکیڈمی دنیا کی واحد اکیڈمی ہے جس میں بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ یہ بات پاکستان میرین اکیڈمی کے کمانڈنٹ کموڈور اکبر نقی نے منگل کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میرین اکیڈمی کا شمار دنیا کے بہترین تربیتی اداروں میں ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

ہم اپنے کیڈٹس کو کراچی پورٹ ،پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ پر تربیت فراہم کرتے ہیں ۔

یہاں کے تربیت یافتہ کیڈٹس دنیا میں اپنا لوہا منوارہے ہیں ۔ یہ واحد ادارہ ہے جس میں بین الاقوامی سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ کیڈٹس کی تربیت کے بعد یہاں پر روزگار کے مسائل حل ضرور موجود ہیں لیکن گوادر پورٹ کے فعال ہونے کے بعد اس مسئلے پر قابو پالیا جائے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔انہوںنے کہا کہ سمندری آلوگی اہم مسئلہ ہے ۔

ہمارا سمند ر45کلو میٹر تک گندا ہے ۔اس کی بڑی وجہ صنعتی آلودگی ہے ۔وفاقی سطح پر اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے امید ہے کہ جلد ہی اس مسئلے کو بھی جلد حل کرلیا جائے گا ۔ بین الاقوامی میری ٹائم اکیڈمیز سیمینار کے حوالے سے کموڈور اکبر نقی نے کہا کہ پاکستان میرین اکیڈمی نے 2016میں پہلی مرتبہ اس سیمینار کو متعارف کرایا تھا جس میں سوئیڈین ،موریشس اور مالدیپ کے وفود نے شرکت کی تھی اب18سے 19اپریل تک کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والے سیمینار میں 7ممالک کے 24وفود شرکت کررہے ہیں جبکہ 2020تیسرے انٹرنیشنل میری ٹائم اکیڈمیز سیمنار کی میزبانی بھی پاکستان کرے گا ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان میرین اکیڈمی ورلڈ میری ٹائم یونیورسٹی سوئیڈن کی ایک برانچ ہے اور یہاں سے اب تک 3075پاکستانی اور 68غیر ملکی کیڈٹس تربیت حاصل کرچکے ہیں ۔پرائم منسٹر اسکیم کے تحت اکیڈمی میں 100طالب علموں کو تربیت فراہم کی جارہی ہے یہ ٹریننگ 6ماہ میں مکمل کی جاتی ہے ۔ہم بہت کم فیس میں تربیت فراہم کررہے ہیں ۔کموڈور اکبر نقی نے کہا کہ پاکستان کے پاس آٹو ریڈار سسٹم موجود ہے جو کہ بہت کم ممالک کے پاس ہے ۔اس سسٹم کی وجہ سے پاکستانی کیڈٹس کو تربیت کے لیے بیرون ملک نہیں جانا پڑتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان میری ٹائم اکیڈمی کے زیر اہتمام مختلف آگاہی پروگرام ترتیب دیئے جاتے ہیں ۔آنے والے دنوں میں یہ اکیڈمی سی پیک میں بھی اپنا اہم کردار ادا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :