کاشتکاروں کے درمیان پیداواری مقابلہ جات ، پوزیشن لینے والوں کو لیزرلینڈلیولرانعام

بدھ 18 اپریل 2018 00:00

مظفرگڑھ۔ 17اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء)مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں حکومت پنجاب اور محکمہ زراعت کے زیر اہتمام 2017 / 2018 پنجاب بھر کے کاشتکاروں کے درمیان پیداواری مقابلہ منعقد کیا گیا۔تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں حکومت پنجاب اور محکمہ زراعت کے زیر اہتمام 2017 / 2018 کے لئے پنجاب بھر سے سب سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروں کے درمیان مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں پنجاب بھر سے ہزاروں کاشتکاروں نے حصہ لیا، آم کی سب سے زیادہ فصل اٹھانے والے علی پور کے کاشتکار رانا محمد یامین نے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور کپاس کی سب سے زیادہ فصل اٹھانے والے علی پور کے دوسرے کاشتکار چوہدری محمد خان نے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی، حکومت پنجاب اور محکمہ زراعت کی جانب سے دونوں پوزیشن ہولڈر کاشتکاروں کو سات، سات لاکھ روپے مالیت کی، زمین کو لیول کرنے والی جدید مشینیں، لیزر لینڈ لیولر انعام میں دی گئیں، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی زراعت مظفر گڑھ، محمد اشرف قریشی اور زراعت آفیسر علی پور اسد اللہ خان نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کامیاب کاشتکاروں کو لیزر لینڈ لیور دیتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

مقابلہ میں پہلی پوزیشن لینے والے کاشتکاروں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ زراعت کا یہ اچھا اقدام ہے اس سے کاشتکاروں میں مقابلہ کی فضا قائم ہوگی اور کاشتکار زیادہ محنت سے زیادہ سے زیادہ پیداوار اٹھانے کے لئے جستجو کریں گے اور لیزر لینڈ لیولر سے زمین لیول میں ہوگی تو اس سے پیدا وار میں اضافہ ہو گا اور کاشتکار خوشحال ہو گا۔