بیساکھی پر سکھ یاتریوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

بدھ 18 اپریل 2018 00:00

گوجرانوالہ۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) بیساکھی کے موقع پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے گردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد آنیوالے سکھ یاتریوں کی حفاظت کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ،گردوارہ کے ارد گرد گزشتہ دس یوم سے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور 600سے زائد پولیس افسران و جوان الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں گے ، ان خیالات کا اظہار سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے گزشتہ روز اپنے آفس میں پولیس افسران اور معززین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ سپیشل برانچ کے تر بیت یافتہ عملے سے روٹ اور گردوارہ کے ارد گرد سرچ اینڈ سویپ کروائی گئی ہے ، ایلیٹ فورس کے کمانڈوز بھی گردونواح میں موثر گشت کریں گے، سی پی او نے کہا کہ ہر جوان محکمانہ شناختی کارڈ آویزاں کرے گا ،ضلعی پولیس گردوارہ کی مقامی انتظامیہ سے بھی رابطے میں ہے جبکہ انتظامات میں مزیدبہتری لانے کیلئے سول ڈیفنس ، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122،ڈی ایچ کیو و دیگر محکمہ جات سے نزدیکی رابطہ رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ چیف ٹریفک آفیسر کو جائے پروگرام پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مناسب ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ، سی ٹی او پارکنگ کا مناسب بندوبست کر وائیںگے اور پارک شدہ گاڑیوں کی موثر نگرانی اور حفاظت کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے، انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی آپریشز عمران یعقوب اور ایس پی صدر معاذ ظفر سکیورٹی انتظامات کے اوور آل انچارج ہوں گے ،فوری و مناسب اطلاعات کے حصول اور سکیورٹی کے پیش نظر سی پی او آفس میں ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ، سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی حفاظت پولیس کی ذمہ داری ہے ، شر پسند عناصر کی سرکوبی کیلئے ضلعی پولیس الرٹ ہے ۔