رحیم یارخان،کھلے غیر معیاری بیج اور ملاوٹ شدہ کھاد یں بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کاحکم

بدھ 18 اپریل 2018 00:00

رحیم یارخان۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء)حکومت پنجاب نے کھلا غیر معیاری بیج اور ملاوٹ شدہ کھادیں مارکیٹ میں بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کاحکم دے دیا۔ حکومت پنجاب نے رحیم یارخان سمیت صوبہ بھرکی مارکیٹوں میںکھلے غیر معیاری بیج کی موجودگی کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ زراعت کو ہدایت کی ہے کہ ذمہ داران کے خلاف فوری کریک ڈاؤن شروع کیا جائے اور قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے۔

ذرائع کے مطابق کسانوں کی جانب سے شکایا ت کے بعد اس ضمن میں محکمے کے اعلیٰ افسران کا اجلاس طلب کیا اورغیر معیاری کھلے بیج اور کھاد کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔حکومت نے کہاہے کہ کپاس اور چاول کی بوائی کا سیزن شروع ہونے والا ہے اور ایسے موقع پر غیر معیاری بیج کی مارکیٹ میں موجودگی اور فروخت کسانوں کے استحصال کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کسی صورت کسانوں کا استحصال برداشت نہیں کرے گی۔

پنجاب بھر میں محکمے کے افسران و عملے کو ذمہ داران کے خلاف بلا تفریق ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ فیڈرل سیڈ سرٹفیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کرجوائنٹ ایکشن ٹیم بنائی جائے اور مشترکہ لائحہ عمل کے زریعے اس جرم میں ملوث افراد کو گرفت میں لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور پاکستان کی اکانومی زراعت پر منحصر ہے اور ایسے میں کسی کو سازش کے زریعے زراعت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔حکومتی احکامات پرعملدرآمدکرتے ہوئے محکمہ زراعت نے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔