پشتونخواملی عوامی پارٹی کا دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق اور زخمی افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار

منگل 17 اپریل 2018 22:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2018ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی عبید اللہ جان بابت ، پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن صوبائی نصراللہ خان زیرے عیسیٰ نگری جاکر گزشتہ روز دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر پارٹی رہنمائوں نے گزشتہ دنوں عیسیٰ نگری میں ہونیوالے واقعہ کو کھلی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی اور کہا کہ حکومت اور سیکورٹی کے ذمہ دار اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان دہشتگردوںکو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے اور عوام کی جان ومال کی تحفظ کی ذمہ داری کو پوری کرے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے استعماری وآمرانہ قوتوں کی استعماری پالیسیوں کی وجہ سے آج پورا ملک انتہا پسندی ، فرقہ واریت اور دہشتگردی کے لپیٹ میں ہے اور عیسیٰ نگری میں دہشتگردی کا واقعہ بھی ملک میں جاری دہشتگردانہ کارروائیوں کا تسلسل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ملک میں سیکورٹی کے ادارے امن وامان کے ذمہ دار ہے اور ان اداروں میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ انتہا پسندی اور دہشتگردی میں ملوث عناصر اور اس کے نیٹ ورک کا خاتمہ کرسکتے ہیں لیکن یہ امر انتہائی قابل مذمت اورقابل گرفت ہے کہ انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے تباہ کن نتائج کے باوجود آج بھی ملک میں انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی قوتوں کو ہر قسم کی سرگرمیوں کی آزادی حاصل ہے اور سیکورٹی فورسز و ادارے اس ناسور کا صفایا کرنے سے گریزاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ملک اور خطے کی سیاست کے ہر مرحلے میں انتہا پسندی اور فرقہ واریت کو ملک اور خطے کیلئے تباہ کن قرار دیتے ہوئے ہر فورم پر اس کے خلاف آواز بلند کی ہے اور گزشتہ چار دہائیوں سے اس کے تباہ کن نتائج کی نشاندہی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ مسیحی برادری سمیت تمام عوام وشہریوں کو اس ملک کا برابر شہری سمجھتی ہے اور ان کی جان ومال کی تحفظ کو ریاست کی ذمہ داری قرار دیتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :