پائلٹ پروجیکٹ کے تحت انٹر سٹی پیپلز بس سروس کا باضابطہ آغاز

پہلے مرحلے میں دس ائرکنڈیشن بسوں کاوزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے افتتاح کردیا دائود چورنگی سے ڈرگ روڈ ،شاہراہ فیصل سے صدر اور ٹاور تک آج صبح 6بجے سے باقاعدہ بس سروس شروع کردی جائے گی

منگل 17 اپریل 2018 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ محنت واطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے منگل کو پائلٹ پروجیکٹ کے تحت انٹر سٹی بس سروس کے حوالے سے ڈائیو کمپنی پاکستان کی جانب سے دائود چورنگی سے شاہراہ فیصل تک دس ائرکنڈیشن (پیپلز بس سروس )بسوں کا باضابطہ افتتاح کردیا ا س موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ سعید احمد اعوان ،ڈی جی ماس ٹرانزٹ محمد اطہر ،کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر حاجی ارشاد بخاری ،ڈائیو کمپنی پاکستان کے چیئر مین شہر یار چشتی ،سی ای او فیصل صدیقی ،عمرلودھی اور محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے افسران ایم ڈی واٹر بورڈ خالد شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ نے اچھی اور معیاری ٹرانسپورٹ سروس دینے کے لئے اپنے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے پائلٹ پروجیکٹ کے تحت دس ائر کنڈیشن انٹر سٹی بس سروس کا منصوبہ کراچی کے شہریوں کے لئے شروع کردیا ہے ،اس میں حکومت سندھ کی کوئی سرمایہ کاری نہیں ہے ڈائیو کمپنی نے لاہور کے بعد کراچی میں اپنی سروس کا آغاز کرکے کراچی کے شہریوں کو اچھی اور معیاری وجدید بس سروس شروع کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نمایاں کام کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

انٹر اسٹی بس سروس بھی جلد شروع کرنے والے ہیں 600بسوں سے اس سروس کا آغاز ہورہا ہے ،پہلے مرحلے میں دس اور بعد میں بتدریج اضافہ ہوتا رہے گا اور بلاول بھٹو زرداری کی خواہش کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام کو جدید اور آرام دہ ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کے لئے ٹھوس بنیاد وں پر کام کررہے ہیں آئندہ کے منصوبوں میں گرین لائین،اورنج لائین (عبدالستار ایدھی )کے نام پر بھی بہت جلد کام شروع کردیا جائے گا ۔

بلیو ،یلو،اور ریڈ لائین کے منصوبوں پر بھی کچھ وجوہات کی بنا پر تاخیر ہوئی لیکن اب اس کا بھی جلد آغاز کریں گے ۔کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے پر کافی پیش رفت ہوئی ہے صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ میئر کراچی کابھی اس منصوبے پر تعاون حاصل ہے اور شہر میں بہتر ٹرانسپورٹ نظام کے لئے مشترکہ طور پر کاوشیں کررہے ہیں ،قبل ازیں سیکریٹری ٹرانسپورٹ سعید احمد اعوان نے بھی حکومت سندھ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کئی منصوبوں کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کی رہنمائی میں معیاری ،آرام دہ اور تیز ترین بس سروس کا نظام شہر میں لارہے ہیں ۔

ڈائیو کمپنی کے چیئر مین شہر یار چشتی اور سی ای او فیصل صدیقی نے کہا کہ پائلٹ پروجیکٹ کے تحت دس بسوں سے کراچی کے شہریوں کے لئے سروس شروع کررہے ہیں لاہور ،ملتان میں ٹرانسپورٹ سہولیات دینے کے ساتھ ساتھ اب کراچی میں بھی بس سروس میں بتدریج اضافہ ہوگا اور عوام کو بہتر ،جدید اور معیاری ٹرانسپورٹ نظام کے ساتھ آرام دہ بسیں میسر ہوں گی اور وہ اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے ،پہلے مرحلے میں دائود چورنگی سے ڈرگ روڈ ،شاہراہ فیصل سے صدر اور ٹاور تک 20،30اور40روپے کرائے سے آج 18اپریل صبح 6بجے سے بس سروس کا باضابطہ اور باقاعدہ آغاز ہوجائے گا ۔