واٹربورڈ کی مین سیوریج لائن پر غیرقانونی طور پر قائم 60سے زائدمکانات مسمار کردیئے گئے

منگل 17 اپریل 2018 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) واٹربورڈ کی مین سیوریج لائن پر غیرقانونی طور پر قائم 60سے زائدمکانات مسمار کردیئے گئے ہیں ، تفصیلات کے مطابق کورنگی مہران ٹاؤن سے گزرنے والی واٹربورڈ کی 36 انچ قطر کی سیوریج لائن پر ناجائز تعمیرا ت کی گئیں تھیں جس کی وجہ سے مرکزی لائن کئی مرتبہ پھٹ چکی تھی اور آئے دن سیوریج کے مسائل پیدا ہوتے تھے اس سبب ضلع کورنگی کی بڑی آبادی بری طرح متاثر ہورہی تھی ، منگل کو ڈپٹی کمشنر کورنگی عبدالواجد شیخ کی زیر نگرانی ناجائز تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا ، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ریونیومحمد وسیم ، اسسٹنٹ کمشنر کورنگی ، نجیب جمالی ، ایس پی کورنگی شعبان علی ،واٹربورڈ کے ایگزیکٹیوانجینئر ایاز تونیو پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ موجود تھے ، آپریشن کے دوران بھاری مشینری کی مدد سے 60 سے زائد غیرقانونی طور پر قائم مکانات مسمار کردیئے گئے ہیں ، دریں اثناء ایم ڈی واٹربورڈ نے واٹربورڈ کی سیوریج لائن پر قائم غیرقانونی مکانات مسمار کرنے پر ڈپٹی کمشنر کورنگی ، ضلعی انتظامیہ کے دریگر حکام اور پولیس سے اظہار تشکر کیا ہے ۔