حکومت کی بھرپورکوششوں سے پاکستان سمیت صوبہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم تیزی سے بڑھ رہا ہے ‘رفیق رجوانہ

گزشتہ پانچ سالوں میں وطن عزیز میں ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے دور رس نتائج کے حامل ایسے اقدامات کئے گئے ہیں انرجی بحران کے خاتمے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے گئے ،بجلی کی کارخانوں کی بدولت لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا ہے ،انڈسٹری کو بھی بلا تعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے‘گورنر پنجاب

منگل 17 اپریل 2018 21:53

حکومت کی بھرپورکوششوں سے پاکستان سمیت صوبہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ حکومت کی بھرپورکوششوں سے سازگارماحول کی بدولت پاکستان سمیت صوبہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم تیزی سے بڑھ رہا ہے جس سے قومی معیشت ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے،پنجاب حکومت سرمایہ کاروں کو سازگار اور خوشگوار ماحول کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ گزشتہ سالوں میں صنعتوں کے قیام میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے،اور ترکی ودیگر ممالک پاکستان میں انڈسٹری کے قیام میں خاصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات ساہیانوالہ کے قریب ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ میں ترکش سرمایہ کاروں کی شرکت سے کوکا کولا آئیسیک (سی سی آئی)کے نئے گرین فیلڈ باٹلنگ پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ترکی کے سفیر مصطفی یورضا کل،چیئرمین سی سی آئی پاکستان سید بابر علی،سی ای او(سی سی آئی)براک بساریر،چیف گروتھ آفیسر/سینئر نائب صدر کمپنی فرانکسکو کریسپو ،صدر یورپ،مڈل ایسٹ اور افریقہ گروپ برائن اسمتھ،کوکاکولا ایکسپورٹ کارپوریشن پاکستان وافغانستان جی ایم رضوان اللہ خاں،کامل یازک،زوران ویوکینک،ارین کوسٹم ودیگر کے علاوہ آر پی او بلال صدیق کمیانہ،ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،سی پی او اطہر اسماعیل ،چیف آپریٹنگ آفیسر فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی عامر سلیمی اور صنعتکار بھی موجود تھے ۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں وطن عزیز میں ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے دور رس نتائج کے حامل ایسے اقدامات کئے گئے ہیں جس کی بدولت اس شعبہ سے وابستہ افراد کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی وعسکری قیادت اورپوری قوم ملک کو مکمل طور پر دہشتگردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے پرعزم ہے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک افواج،پولیس،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران،جوانوں،آرمی پبلک سکول کے بچوں اورشہریوں نے لازوال قربانیوں کی بدولت امن کی راہیں مضبوط ہوئی ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے کراچی کو دوبارہ امن اورروشنیوں کا شہر بنایا ہے اور اس شہر کی رونقیں بحال ہوئی ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعتکاربڑی تعداد میں انڈسٹری لگارہے ہیں جو کہ خوش آئند اقدام ہے اور فیڈمک میں سرمایہ کاروں کو بجلی،گیس،خوبصورت سڑکیں سمیت ارد گرد خوشگوار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان کا ہمیشہ سے بہترین دوست ملک رہا ہے اورانکے صنعتکاروں کی فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں وسیع سرمایہ کاری سے مقامی تاجروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ انرجی بحران کے خاتمے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے گئے اور بجلی کی کارخانوں کی بدولت لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا ہے جبکہ انڈسٹری کو بھی بلا تعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لئے اللہ تعالیٰ کاانعام اور آگے بڑھنے کا سنہری موقع ہے ۔آج پاکستان کے انفراسٹریکچر میں واضح بہتری نظر آرہی ہے ۔موٹرویز سمیت سڑکوں کا وسیع جال تعمیر ہوا ہے جس سے سڑکوں کی تعمیر سے لوگوں کو آمدورفت کی آسان سہولیات میسر آئی ہیں جبکہ تعلیم،صحت اور دیگر شعبوں کے ثمرات براہ راست عوام کو مل رہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ 2013ء کے مقابلے میں آج 2018میں پاکستان ترقی کاواضح نقشہ پیش کرہاہے اور اس سفر کو بلاتعطل جاری رہنا چاہیے۔انہوں نے فیصل آباد میں کوکا کولا آئیسیک کے نئے گرین فیلڈبائنگ پلانٹ کے قیام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کو باعث اعزاز قرار دیا اور پلانٹ کو ریکارڈ مدت میں آپریشنل بنانے اور تقریب کے کامیاب انعقاد پر پاکستان اور ترکی کے صنعتکاروں کو مبارکباددی۔

تقریب میں ترکش سفیر مصطفی یورضا کل ,چیئرمین سی سی آئی سید بابر علی، میجر جنرل رضوان اللہ خاں اور چیئرمین انادولو گروپ تونکے ازیلہان نے بھی اظہار خیال کیا۔قبل ازیں گورنر پنجاب محمدرفیق رجوانہ ،ترکی کے سفیر مصطفی یورضا کل ودیگر نے نئے گرین فیلڈ باٹلنگ پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد پلانٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :