وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن سے ملاقات، علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال

خواجہ محمد آصف نے برطانوی وزیر خارجہ کو پاک بھارت تعلقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کیا

منگل 17 اپریل 2018 21:41

وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن سے ملاقات، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے منگل کو لندن میں برطانوی سیکرٹری برائے خارجہ و دولت مشترکہ امور بورس جانسن سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دولت مشترکہ کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور ان تعلقات کو تجارت میں اضافے، سرمایہ کاری اور تعلیمی و ثقافتی تعاون کو فروغ کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کیساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اسے مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں نے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کامیابیوں اور خطے میں امن و سلامتی کے قیام میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے برطانوی سیکرٹری خارجہ جانسن کو پاک بھارت تعلقات ،مقبوضہ کشمیر میں صورتحال اور بھارت کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بریف کیا۔وزیر خارجہ نے بورس جانسن کو دونوں ملکوں کے درمیان انہینسڈ سٹریٹجک ڈائیلاگ کے اگلے مرحلے کیلئے پاکستان کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

متعلقہ عنوان :