سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے کمرشل گیس کی قیمت میں خاموشی سے تین گنا اضافہ کر دیا ہے، شیخ عامر وحید

مہنگائی میں اضافہ، نان و روٹی بھی غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہوجائے گی،وزیر اعظم فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں ،،صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

منگل 17 اپریل 2018 21:06

سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے کمرشل گیس کی قیمت میں خاموشی سے تین گنا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے کمرشل گیس کی قیمت میں خاموشی سے تین گنا اضافہ کر دیا ہے جس سے مہنگائی مزید بڑھے گی اور نان و روٹی بھی غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہوجائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں اور کمرشل گیس کی قیمت میں ایل این جی کی قیمت کے برابر اضافہ واپس لینے کے احکامات جاری کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد نان بائی اور سمال ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ ایل این جی کی قیمت کے برابر کمرشل گیس کی قیمت مقرر کرنا شہریوں کے ساتھ زیادتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ زیادہ تر نان ہائوسز گذشتہ تیس برس سے گیس استعمال کر رہے ہیں لہذا ان سے ایل این جی کی نئی قیمت کیسے وصول کی جا سکتی ہے۔

انہوںنے خبر دار کیا کہ اس فیصلے کا آئندہ الیکشن میں حکمرانوں کی کاکردگی پر اثر پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے گیس کنکشنوں کیلئے موجودہ قیمت تو قابل قبول ہو سکتی ہے لیکن پرانے کنکشنوں پر نئی قیمت کی وصولی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہو گی لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پرفیصلے پر نظر ثانی کرے اور کمرشل گیس کی قیمت میں اضافہ واپس لے۔

اسلام آباد نان بائی اور سمال ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے صدر سرفراز عباسی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نان ہائوسز پر روٹی عام اور غریب عوام کو مہیا کی جاتی ہے اگر موجودہ ایل این جی کی قیمت سے گیس مہیا کی گئی تو روٹی و نان کی قیمت دوگنا اضافہ ہو جائے گا اور موجودہ حکومت کے خلاف شدید عوامی ردعمل آئے گا۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ گیس کی قیمت میں اضافہ واپس لے کر بل جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا اور سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حکومت سے کمرشل گیس کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ ۔۔۔۔اعجاز خان