مقبوضہ کشمیر، حریت فورم کے وفد کاشہید عامر حمید لون کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی

شہداء کی قربانیاںتحریک آزادی کو نئی توانائی اور جوش و جذبہ فراہم کررہی ہیں،میرواعظ

منگل 17 اپریل 2018 19:08

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں میرواعظ عمر فاروق کی ہدایت پر حریت فورم کا ایک وفدبھارتی فورسز کی فائرنگ سے حال ہی میں شہید ہونے والے نوجوان عامر حمید لون کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے چھتر گل کنگن میں ان کے گھر گیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق وفد میں غلام نبی ذکی ، عبدالرشید اونتو، غلام نبی نجار، جعفر کشمیری اور ساحل احمد وار شامل تھے۔

اس موقع پرحریت فوم کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے شہید کے والد عبدالحمید لون سے ٹیلیفون پر بات کی اور ان سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ میرواعظ عمرفاروق نے کہا کہ شہداء کی قربانیاںتحریک آزادی کو نئی توانائی اور جوش و جذبے سے ہمکنار کررہی ہیں اور ان قربانیوں کو ثمر آور بنانے کیلئے قیادت اور قوم کو پوری یکسوئی اور استقامت کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ آزادی کی نئی صبح طلوع ہوسکے۔

(جاری ہے)

وفد نے شہید نوجوان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوںکو ناقابل فراموش قرار دیا۔ وفد نے کہا کہ بھارتی حکومت نے آزادی پسند قیادت اور کشمیری عوام کو دیوار کے ساتھ لگانے کیلئے جارحانہ پالیسی اختیار کررکھی ہے اورہر قسم کے ظلم و جبر کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔وفد نے کہا کہ ظلم و جبر ، مار دھاڑ اور قتل و غارت کے ہتھکنڈے آزادی پسند قیادت اور حریت پسند عوام کو حق و انصاف پر مبنی جدوجہد سے دستبردار نہیں کرسکتے ۔

دریں اثناء حریت فورم کے ترجمان نے ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب اور سوپور کے مختلف علاقوں میں طلباء کیخلاف بھارتی فورسز اور پولیس کی پُر تشدد کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ معصوم طلباء کو پر امن احتجاج کرنے پر تشدد کا نشانہ بنانا اور درجنوں طلباء کو زخمی کرنا افسوسناک ہے۔ترجمان نے کہا کہ نہتے عوام کیخلاف طاقت اور تشدد کا استعمال اور عوامی احتجاج کو بزور طاقت کچلنا بھارتی فورسز اور پولیس کامعمول بن چکاہے۔

متعلقہ عنوان :