شامی قیادت نے 4بار اپنی قوم پر کیمیائی ہتھیار استعمال کئے ہیں،تھریسامے کا الزام

برطانیہ کی شامی فضائی حملوں میں شمولیت اسد حکومت کو سبق دینا ہے، برطانوی وزیر اعظم

منگل 17 اپریل 2018 18:59

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اپریل2018ء)برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے الزام عاید کیا ہے کہ شامی قیادت نے 4بار اپنی قوم پر کیمیائی ہتھیار استعمال کئے ہیں، برطانیہ کی شامی فضائی حملوں میں شمولیت اسد حکومت کو سبق دینا ہے۔ غیر ملکی می۹ڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے الزام عاید کیا ہے کہ شامی حکومت نے اپنی عوام پر چار بار کیمیائی ہتھیار استعمال کیے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سوموار کے روز پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں مسز مے نے شام میں فوجی کارروائی کے حوالے سے ایوان کو اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ شام میں ہماری فوجی مداخلت کا وہاں پر جاری خانہ جنگی کے ساتھ کوئی تعلق ہے اور نہ ہی ہم نے یہ اقدام شامی رجیم کو تبدیل کرنے کے لیے اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

شام میں فوجی کارروائی کا مقصد اسد رجیم کو اپنی قوم کے خلاف کیمیائی حملوں سے باز رکھنا ہے۔

تھریسا مے نے مزید کہا کہ شام پر حملہ اس وقت کیا گیا جب اسد رجیم کے ہاتھوں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے ٹھوس ثبوت سامنے آئے۔ اس حملے نے شام کے کیمیائی ہتھیار اور انہیں استعمال کرنے کی صلاحیت ختم کردی ہے۔برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے شام میں کیمیائی حملے کی تحقیقات کے لیے سلامتی کونسل سے رجوع کیا مگر روس نے ہمارا راستہ روکا۔ ہم نے شام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز پر حملہ نہیں کیا بلکہ ایسا کرنا ضروری تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام میں فوجی کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ اس کے بعد برطانیہ شام میں امن عمل کوآگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔