عرب اتحاد کی حوثی ملیشیا کو سخت اور درد ناک جوابی کارروائی کی دھمکی

سعودی عرب کی امن و سلامتی، شہریوں اور مقیمین کو نشانہ بنانے کی کوششوں کا سلسلہ جاری رہا تو جوابی عسکری کارروائی انتہائی الم ناک اور درد ناک ہو گی، ایرانی حکومت حوثی ملیشیا کو ڈرون طیارے فراہم کر کے بین الاقوامی قانون کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے، عرب اتحاد کی فورسز کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کی پریس کانفرنس

منگل 17 اپریل 2018 18:58

ریاض /صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اپریل2018ء) یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میں حوثیوں کی جانب سے اب تک سعودی عرب پر 119 بیلسٹک میزائل داغے جا چکے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرنل ترکی المالکی نے باور کرایا کہ سعودی عرب کی امن و سلامتی، شہریوں اور مقیمین کو نشانہ بنانے کی کوششوں کا سلسلہ جاری رہا تو جوابی عسکری کارروائی انتہائی الم ناک اور درد ناک ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی حکومت حوثی ملیشیا کو ڈرون طیارے فراہم کر کے بین الاقوامی قانون کی مسلسل خلاف روزی کر رہی ہے۔المالکی نے انکشاف کیا کہ اتحادی فورسز کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ صنعا کے ہوائی اڈے کو ڈرون طیاروں کی کھیپ جمع کرنے اور ان کے استعمال کی تربیت کے حوالے سے کام میں لایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کا مقصد سعودی عرب کے خلاف حملے اور خود کش کارروائیاں کرنا ہے تاہم عرب عسکری اتحاد کی جانب سے صنعا کے ہوائی اڈے پر جاری سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اتحادی فورسز کے فضائی دفاعی نظام نے 11 اپریل کو سعودی عرب میں ابہا کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون طیارے کو مار گرایا تھا۔ المالکی نے طیارے کے ملبے کی تصاویر دکھائیں اور واضح کیا کہ حوثیوں کی جانب سے اعلان کیا جا چکا ہے کہ ان کے پاس "قاصف" ماڈل کے ڈرون طیارے موجود ہیں۔ یہ دراصل ایرانی فورسز کے ڈرون طیارے "ابابیل" کا ہی ورژن ہے۔

المالکی نے انکشاف کیا کہ اتحادی فورسز نے یمن میں الحدیدہ کی بندرگاہ کے نزدیک حوثیوں کے ایک ورکشاپ پر بم باری کی جہاں ڈرون طیاروں کو اسمبل کیا جاتا تھا۔یمن میں زمینی صورت حال کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ یمنی فوج نے اتحادی فورسز کی معاونت سے میدی شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور اسے کلیئر کرنے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یمنی فوج الحدیدہ کی بندرگاہ سے 70 کلو میٹر کی دوری پر ہے جب کہ شبوہ صوبے میں بھی یمنی فوج نے پیش قدمی اور مزید کامیابیوں کو یقینی بنایا ہے۔

اتحادی افواج کے ترجمان نے مختلف وڈیو کلپس اور تصاویر بھی پیش کیں جن میں حوثیوں کے اسلحہ ڈپوں اور زمین میں مدفون گولہ بارود اور میزائلوں کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں صعدہ صوبے میں سرنگوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :