کمرشل سطح پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی بڑھے گی، شیخ عامر وحید

منگل 17 اپریل 2018 18:12

کمرشل سطح پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی بڑھے گی، شیخ عامر وحید
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے کمرشل سطح پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی بڑھے گی، نان اور روٹی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد نان بائی اور سمال ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ ایل این جی کی قیمت کے برابر کمرشل گیس کی قیمت مقرر کرنا شہریوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ زیادہ تر نان ہائوسز گذشتہ 30 برس سے گیس استعمال کر رہے ہیں لہٰذا ان سے ایل این جی کی نئی قیمت کیسے وصول کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے گیس کنکشنوں کیلئے موجودہ قیمت تو قابل قبول ہو سکتی ہے لیکن پرانے کنکشنوں پر نئی قیمت کی وصولی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد نان بائی اور سمال ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے صدر سرفراز عباسی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نان ہائوسز پر روٹی عام اور غریب عوام کو مہیا کی جاتی ہے اگر موجودہ ایل این جی کی قیمت سے گیس مہیا کی گئی تو روٹی و نان کی قیمت میں دوگنا اضافہ ہو جائے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا اور سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حکومت سے کمرشل گیس کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :