ڈاکٹر عارف علوی نے عباسی شہیداسپتال میں پی ٹی آئی کارکن عدنان کی عیادت کی

منگل 17 اپریل 2018 17:34

ڈاکٹر عارف علوی نے عباسی شہیداسپتال میں پی ٹی آئی کارکن عدنان کی عیادت ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے عباسی شہید اسپتال میں پی ٹی آئی کارکن عدنان کی عیادت کی جو اورنگی ٹائون احتجاج میں پولیس کی اندھا دھند فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔ عباسی شہید ہسپتال میں ڈاکٹر عارف علوی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک چھ سالہ معصوم بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل پر اورنگی ٹائون میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان احتجاج کر رہے تھے۔

پاکستان میں معصوم بچیوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کا یہ سلسلہ کب تک چلے گا کیا پی ٹی آئی کے کارکنان اس کی مذمت اور احتجا ج نہیں کرسکتی کراچی کی ہر گلی میں پاکستان تحریک انصاف کا کوئی نہ کوئی کارکن رہتا ہے۔ جمہوری معاشروں کی یہ روایات نہیں کہ پولیس کو ہاتھوں میں ہتھیار دے کر نہتے شہریوں پر چھوڑ دیا جائے اور اگر وہ پر امن احتجاج بھی کریں تو پولیس ان پر گولیاں چلاتی پھرے۔

(جاری ہے)

احتجاج ہر شہری کا حق ہوتا ہے تاکہ شہری اپنی آواز حکامِ بالا تک پہنچا سکیں۔ پولیس آنسو گیس فائر کرتی یا ربڑ کی گولیاں چلاتی تب بھی ہم اس کی مذمت کرتے لیکن پولیس نے فائر کھول دیا جس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیاجو ہمارا پی ٹی آئی کا کارکن الیاس ہے، یہ کیسا انداز ہی کسی مہذب معاشرے میں احتجاج کرنے والوں پر گولیاں نہیں چلائی جاتیں۔ گولیاں جس جس نے چلائی ہیں، ان کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہئے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اور سندھ پولیس اس واقعے کے ذمہ دار ہیں ۔ اس واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف پارٹی کارکنان کے ہر غم اور دکھ میں ان کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ ہم اپنے کارکنان کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

متعلقہ عنوان :