ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر کی بھری ہوئی گاڑیاں چوری ہونے لگیں ،پولیس کی طرف سے کوئی ایکشن نہیں لیاجارہا ‘عرفان کھوکھر

گاڑی ، سلنڈر برآمد نہ ملے تو ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز آئی جی لاہور ،ڈی آئی جی شیخوپورہ کے دفتروں کے سامنے دھرنا دینگے

منگل 17 اپریل 2018 17:26

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر کی بھری ہوئی گاڑیاں چوری ہونے لگیں ،پولیس کی طرف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) چیئرمین ایف پی سی سی آئی علاقائی قائمہ کمیٹی برائے ایل پی جی انڈسٹری عرفان کھوکھر نے کہا کہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر کی بھری ہوئی گاڑیاں چوری ہونے لگیں ہیں،14اپریل 2018 میں گاڑی مزدا نمبر LEI-5658ماڈل 2014 بیچ سڑک شیخوپورہ روڈ سے لوٹ لیا گیاجس میں موجود بھرے ہوئے 110کمرشل سلنڈر بھی لوٹ لئے گئے ۔

مزدا کی مالیت 25لاکھ،سلنڈروں کی مالیت 6لاکھ93ہزار اور گیس کی مالیت 414800 روپے ،کل مالیت 3607800روپے تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسی علاقہ میں3سال پہلے یکم نومبر2014کو ہونے والی واردات میں 100کمرشل بمع گیس، مالیت16لاکھ روپے پر بھی بحوالہ رپٹ نمبر 17 مورخہ 15نومبر2014سیریل نمبر 1713پر تھانہ ہائوسنگ کالونی ضلع شیخوپورہ میںمقدمہ 468/14 درج کروانے کے باوجود ابھی تک کوئی ایکشن سامنے نہیں آیا۔

(جاری ہے)

مقدمہ درج کروانے کے باوجود ابھی تک گاڑی کی کوئی خبر نہ مل سکی۔عرفان کھوکھر نے کہا کہ لاہور اور گرد و نواہ کے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جس کیلئے انہوں نے آئی جی پنجاب اور ڈی پی او شیخوپورہ کو فوری ایکشن لینے کیلئے خط لکھا ہے۔انہوں نے بتایا کہ واقع کی FIRنمبر 516/18 تھانہ فیکٹری ایریا ضلع شیخوپورہ میں 15اپریل 2018کی رات کو درج کروائی جا چکی ہے جس کے باوجود پولیس کی طرف سے ابھی تک کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوٹروں نے گاڑی نہ ملنے پر پہیہ جام ہڑتال کا ارادہ کر لیا ہے۔عرفان کھوکھر جلد ہی ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد کے ساتھ آئی جی پنجاب عارف نواز اور ڈی پی او شیخوپورہ سے ملاقات کرینگے۔اگر گاڑی اور سلنڈر برآمد نہ کئے گئے تو ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز آئی جی لاہور اور ڈی آئی جی شیخوپورہ کے دفتروں کے سامنے دھرنا دینگے اور مظاہرہ کرینگے۔