ویرات کوہلی نے بھی کشمیر کی آصفہ کے بہیمانہ قتل کیخلاف آواز بلند کردی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 17 اپریل 2018 17:06

ویرات کوہلی نے بھی کشمیر کی آصفہ کے بہیمانہ قتل کیخلاف آواز بلند کردی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17اپریل 2018ء)مقبوضہ کشمیر میں ننھی آصفہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور بہیمانہ قتل نے بھارت سمیت پورے پاکستان کو لرزا کر رکھ دیا ہے۔رواں سال جنوری میں ہونے والے اس واقعے نے لوگوں کی توجہ اس وقت اپنی طرف کھینچی جب لوگوں نے سوشل میڈیا پر بچی کی لاش دیکھی اور ملزم نے ہندو کمیونٹی کے حق میں احتجاج شروع کیا۔

بالی ووڈ سمیت کئی لوگوں نے اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائی جبکہ کچھ لوگوں اور سیاستدانوں نے اس واقعے کو سیاسی اور مذہبی رنگ دینے کی بھی کوشش کی۔

(جاری ہے)

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ننھی آصفہ کے ساتھ ہونے والے ہولناک واقعے پر شدیدمذمت کرتے ہوئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ” میر ا تمام ہندوستانیوں سے صرف ایک سوال ہے کہ اگر خدا نہ کرے ایسا واقعہ آپ کے خاندان میں کسی کے ساتھ ہو تو کیا آپ سائیڈ پر کھڑے ہوکر دیکھتے رہیں گے یا مدد کریں گے ؟،میرے خیال میں ایسی چیزیں جان بوجھ کر ہونے دی جاتی ہیں اور لوگ بھی ایسے واقعات پر کوئی اعتراض نہیں کرتے کیوں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کسی بھی لڑکی کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آنے میں کوئی بڑی بات نہیں ہے ، ان کے خیال میں وہ کسی لڑکی کے ساتھ ایسی گھناﺅنی حرکت کرکے بچ سکتے ہیں کیوں کہ سیاستدان بھی ان کی حمایت کریں گے ،یہ ایک حقیقت ہے کہ ہمارے معاشرے کے کچھ لوگوں کے ذہنوں میں لڑکیو ں کے ساتھ پیش آنے والے ایسے واقعات کو قابل قبول سمجھا جاتا ہے جو ناقابل قبول ہے اور مجھے ایسے معاشرے کا ایک حصہ ہونے پر افسوس ہے ،میرا خیال ہے کہ ہمیں زیادہ میچورہونے کے ساتھ یہ بھی سوچنا چاہیئے کہ اگر ہمارے ساتھ یہ ہو تو ہمارا ردعمل کیا ہوگا؟ “۔