سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وفد نے ترکی کی ٹیکنیکل یونیورسٹی استنبول کا دورہ کیا

منگل 17 اپریل 2018 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا فیکلٹی اراکین، طالبعلموں اور اسٹاف ممبرز پر مشتمل 36 رکنی وفد انٹرنیشنل لیڈرشپ پروگرام کے تحت مطالعتی دورے پر ترکی کے شہر استنبول پہنچ گیا ہے۔ جہاں پر پہلے روز وفد نے ترکی ایک اہم یونیورسٹی استنبول ٹیکنیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ جہاں پر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وفد کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر ٹیکنیکل یونیورسٹی استنبول کے نمائندوں نے ایس ایم آئی یو کے وفد کو بریفنگ دی۔ جبکہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے تاریخی کردار اور اس کی موجودہ ترقی اور حاصل کردہ کامیابیوں کے حوالے سے میزبان یونیورسٹی کے نمائندوں کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دونوں جامعات کے وفود نے مختلف شعبہ جات میں ایک دوسرے سے تعاون کیلئے باہمی معاہدہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

بعد میں ایس ایم آئی یو کے وفد نے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وفد نے ترکی کی مشہور بلو مسجد کا دورہ کیا۔ جو کہ ترکی کے سلطان احمد اول نے 1609 میں تعمیر کرائی تھی۔ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وفد نے تاریخی حاجیہ صوفیا میوزم کا بھی دورہ کیا۔ وفد نے مارمرا بیچ، قدیم گلاتا وال اور استقلال اسٹریٹ کا بھی دورہ کیا۔ واضح رہے کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے 36 رکنی وفد میں 28 طالبعلم شامل ہیں جبکہ وفد کی قیادت ڈین کمپوٹر سائنسز ڈاکٹر سید آصف علی نے کی۔

متعلقہ عنوان :