مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ، صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں وافر مقدار میں ادویات دستیاب ہیں ، لوکل پرچیز آئوٹ ڈور پالیسی پر نظر ثانی کر کے ایک ہفتے کے اندرابہام کو دور کیا جائے گا

صوبائی سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان کی اے پی پی سے گفتگو

منگل 17 اپریل 2018 16:40

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) صوبائی سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے کہا ہے کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اور صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں وافر مقدار میں ادویات دستیاب ہیں ، لوکل پرچیز آئوٹ ڈور پالیسی پر نظر ثانی کر کے ایک ہفتے کے اندرابہام کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات اپنے دورہ اٹک کے موقع پر ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ 30 افرادپر مشتمل ٹیکنیکل ٹیم بھی موجو د تھی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اسفند یار شہید اٹک کے میڈیکل سپرینٹینڈنٹ (ایم ایس)ڈاکٹر خالد محمود ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر عبادت، اے ایم ایس ڈاکٹر اعجاز ، چائلڈا سپیشلسٹ ڈاکٹر فہیم ، فارماسسٹ ڈاکٹر نوشابہ، ڈاکٹر ریاض ، ڈاکٹر محمد علی اور دیگر شعبوں کے انچارج بھی موجود تھا۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکرٹری ہیلتھ نے ہسپتال میں قائم کی جانے والی لیبارٹری کی کارکردگی کو سراہا جس میں انتہائی کم قیمت پر مہنگے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ گیس دھماکے کے باعث جس میں انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوا اور عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہم نے اس عمارت کو گرا کر اس سے تین گنا بڑا بلاک بنانا ہے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سانپ اور کتے کاٹنے کی ویکسین ڈی ایچ کیو ہسپتال میں موجود ہے اگر کسی اور ہسپتال میں یہ ویکسین موجود نہیں ہے تو ہم اسے فوری طور پر مہیا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ہم اپنی پلاننگ کو بہتر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ ہسپتال کو مزید ادویات کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہسپتال کے پاس اسے سٹور کرنے کی جگہ نہیں ہے ۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ صوبائی سیکرٹری ہیلتھ کے دورے کا مقصد ہسپتال میں تزین و آرائش کے کام کو دیکھنا تھا جو کہ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پنجاب کروا رہی ہے اس میں پیش آنے والی مشکلات کا جائزہ لینا تھا تا کہ کام کی رفتا ر کو تیز کیا جائے۔

انہوں نے بتایاکہ اسلام آباد ڈائیگناسٹک لیب کی کارکردگی کو سراہا جس سے انتہائی کم رقم وصول کر کے لیبارٹری ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں بلکہ غریب مریضوں سے یا ایمرجنسی میں یہ لیب 100فیصد ٹیسٹ مفت کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سیکرٹری ہیلتھ کا دورہ ایک نتیجہ خیز دورہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ میں نے اپنے تحفظات سے سیکرٹری ہیلتھ کو آگاہ کیا جس پر انہوں نے کہا کہ آپ اپنا کام کریں ہم ہر قسم کی امداد آپ کو مہیا کریں گے ۔صوبائی سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے ہسپتال کے تمام شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا #