بچی کو سفاکانہ طریقے سے قتل کرنے میں ملوث درد صفت عناصر معاشرے پر بد نما داغ ہیں،کشورزہرا ،ثمن جعفری

منگل 17 اپریل 2018 16:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی حق پرست خواتین ارکان قومی اسمبلی کشور زہرا اور ثمن جعفری نے منگھو پیر میں رابعہ نامی معصوم بچی کو زیادتی کے بعد قتل کئے جانے اور بہیمانہ قتل کے خلا ف احتجاج کرنے والے ورثنا پر پولیس کے لاٹھی چارج ، آنسو گیس کے استعمال اور ہوائی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ رابعہ نامی معصوم بچی کو اغوا و زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد سفاکانہ طریقے سے قتل کرنے میں ملوث درد صفت عناصر معاشرے پر بد نما داغ ہیں اوران سے قومی تشخص بری طرح سے متاثر ہورہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بچی کے اغوا ، زیادتی اور قتل کا واقعہ انتہائی دردناک اور افسوسناک ہے اور اس پر غم و غصہ میں مبتلا ورثا کی جانب سے احتجاج کرنا فطری عمل ہے لیکن پولیس کی جانب سے غم سے اور انصاف کا مطالبہ کرنے والے ورثا پر ہوائی فائرنگ ، لاٹھی چارج کرنا اور آنسو گیس استعمال کرنے کا عمل شرمناک ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایسے شیطان صفت درندوں کا قانون کی گرفت سے محفوظ رہنا اور انہیں قرار واقعی سزا سے ہمکنار نہ کئے جانے سے یہ واقعات ناسور کی شکل اختیار کرگئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بچیوں کے اغوا ، زیادتی اور قتل کے واقعات میں ملوث شیطان صفت عناصر کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیفر کردار تک جب نہیں پہنچایاجائے گا اس کا سدباب ممکن نہیں ہوسکے گا ۔

انہوں نے زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی رابعہ کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے ۔ کشور زہرا اور ثمن جعفری نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ رابعہ نامی معصوم بچی کے اغوا ، زیادتی اور قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور ایسے ہولناک اور شرمناک واقعات کی روک تھام اور اس میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔

متعلقہ عنوان :