ْعوامی تحریک اور سندھی ہاری تحریک کی جانب سے سندھ میں پانی کی قلت کے خلاف ریلی نکالی گئی

منگل 17 اپریل 2018 16:30

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) عوامی تحریک اور سندھی ہاری تحریک کی جانب سے سندھ میں پانی قلت، غیر مقامی افراد کی آبادکاری اورغیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے خلاف نکالی جانے والی ریلی ٹنڈو محمد خان پہنچی، جہاں پر سیرت النبی چوک پر ایک جلسہ منعقد کیا گیا، اس موقعے پر عوامی تحریک کے مرکزی صدر رسول بخش خاصخیلی، انور علی رند، ضلعی صدر مشتاق شورو، لال گواریو ٹھاکر، اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پانی کی قلت رو ز بہ روز بڑھتی جا رہی ہے، پانی کہ نہ ہونے سے سندھ کی زراعت کو نقصان پہنچ رہا ہے ، ملک کے حکمران سندھو دریاء کو مکمل طور پر ختم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، اس وقت سندھو دریاء میں پانی کے بجائے ریت اڑ رہی ہے، سندھ کی خوشحالی اور شادابی کا دارومدار زراعت پر میسر ہے، لیکن پانی نہ ہونے کی وجہ سے زراعت تباہ ہو رہی ہے، جس کے باعث آبادگاروں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ذوالفقار آباد اور بحریہ ٹائون منصوبہ تیار کر کے غیر مقامی افراد کو آبادکر رہے ہیں، جس سے سندھی قوم اقلیت میں تبدیل ہو جائے گی،جبکہ غیر ملکی جو پاکستان میں آباد ہیں ان کو شناختی کارڈ جاری کر کے دیا جا رہا ہے، جس کی ہم سخت لفظوں میں مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے اور سندھی قوم ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائے۔

متعلقہ عنوان :