ریجنل سینئر کرکٹ چمپئن شپ، ایسٹ زون کے ٹرائلز ( کل ) ہوں گے

منگل 17 اپریل 2018 16:10

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پہلی انٹر زونل سینئر کرکٹ چمپئن شپ کا آغاز رواں ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہے جس میں ایسٹ ، نارتھ اور ویسٹ زون سے چھ چھ ٹیمیں حصہ لیں گی، ترجمان لاہور ریجن عابد حسین کے مطابق تاریخ میں پہلی مرتبہ شاہ ریز عبداللہ خان روکھڑی صدر لاہور ریجن کی زیر نگرانی انٹر زونل سینئر کرکٹ چمپئن شپ منعقد ہونے جارہی ہے جس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی مستقبل قریب میں منعقد ہونے والی پی سی بی سینئر انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے اہل ہوں گے، ترجمان نے بتایا کہ ایونٹ میں شامل اٹھارہ ٹیموں کو تین گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور گروپ میں سنگل لیگ کی بنیاد پر باہمی مقابلوں میں نبرد آزما ہوگی، ٹورنامنٹ پر اٹھنے والے تمام اخراجات لاہور ریجن کے صدر و رکن گورننگ بورڈ شاہ ریز عبداللہ خان روکھڑی برداشت کریں گے ،اس ضمن میں ایسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے اوپن ٹرائلز کل جمعرات کو ایل سی سی اے گرائونڈ میں منعقد ہوں گے جس کیلئے ایسٹ زون کی تمام کلبز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، چیف سلیکٹر لاہور ریجن حفیط الرحمن ایسٹ زون کے ٹرائلز کی نگرانی کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :