کیٹل فارمنگ کو فروغ دیکر معاشی انقلاب برپا کیاجاسکتاہے ،ترجمان محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ

منگل 17 اپریل 2018 15:53

فیصل آباد۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء)محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے کہاہے کہ مویشی پال حضرات کے ذریعے کیٹل فارمنگ کو فروغ دے کر معاشی انقلاب برپا کیاجاسکتاہے ،حکومت کیٹل فارمنگ کو جدید خطوط پر استوارکرنے کیلئے تمام سہولیات فراہم کررہی ہے ، مویشی پال حضرات اور زمینداروں و کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں حکومتی سہولیات سے بھر پور استفادہ یقینی بنائیں تاکہ جہاں و ہ دودھ و گوشت کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کرکے اپنے لئے زیادہ مالی منافع حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں، دودھ و گوشت کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ اس سے مختلف مصنوعات تیارکرکے بیرون ممالک برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جاسکے، ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہاکہ ملک میں کیٹل فارمنگ کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے تمام ممکن استفادہ کیاجاسکتا ہے، حکومت مختلف مالیاتی اداروں کے ذریعے کاشتکاروں کو جانوروں و مویشیوں کی خرید کیلئے آسان شرائط پر قرضے بھی فراہم کررہی ہے ، کیٹل فارمنگ سے وابستہ افراد کی رہنمائی اور انہیں مشاورت کی فراہمی کیلئے جہاں کسان میلے منعقد کئے جارہے ہیں وہیں جدید لٹریچر کے ذریعے ان میں شعور و آگاہی بھی پیدا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، پاکستان کی ساہیوال نسل کی گائے بین الاقوامی سطح پر خاص اہمیت رکھتی ہے جسے دنیا کے 19ممالک میں پیداواری لحاظ سے خاص مقام حاصل ہے ، حکومت اسے آئی ٹی بی میں رجسٹرڈ کروارہی ہے جس سے جہاں ملک میں اس کی افزائش نسل مزید بہتر ہو گی وہیں دیگر ممالک سے اس ضمن میں پاکستان کو رائلٹی بھی ملتی رہے گی، انہوں نے بتایاکہ حکومت کیٹل فارمنگ اور ساہیوال گائے کی افزائش نسل کو فروغ دینے کیلئے بین الاقوامی معیار کا تحقیقی و بریڈنگ پلانٹ لگانے کابھی منصوبہ تیار کررہی ہے جس کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر ساہیوال نسل کی گائے کی تصویر پر مبنی ڈاک ٹکٹ بھی جاری کروانے کیلئے اقدامات کاآغازکر دیا گیا ہے۔