حویلیاں کے پٹواریوں نے اپنے حقوق نہ ملنے پر دوبارہ قلم چھوڑ ہڑتال شروع کر دی

منگل 17 اپریل 2018 13:37

حویلیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) حویلیاں کے پٹواریوں نے اپنے حقوق نہ ملنے پر دوبارہ قلم چھوڑ ہڑتال شروع کر دی۔ اس موقع پر تحصیل حویلیاں کے انجمن پٹواریاں کے صدر شاہد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ قبل مطالبات کے حق میں ہم نے 20 روز تک ہڑتال کی اور پورے صوبہ کے پٹواری حضرات نے صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جس پر مذاکرات کر کے ہمارے مطالبات کو صوبائی حکومت نے پورا کرنے کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک ماہ گذرنے کے بعد بھی تاحال ہمارے مطالبات پورے نہیں کئے گئے ہیں جس پر ہم نے صوبائی قائدین کی کال پر دوبارہ قلم چھوڑ ہڑتال کر دی ہے۔ پشاور میں ہونے والے احتجاج میں حویلیاں اور تحصیل ہری پور سے بڑی تعداد میں پٹواری شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلعی رہنما شاہ عمل خان، سردار امجد، ایاز خان اور دیگر تمام قائدین حویلیاں بھی شامل ہیں۔