تاجر اتحاد کراچی کا کے الیکٹرک کے خلاف بھر پور مہم چلانے کا اعلان

یونیورسٹی روڈ ،بلدیہ ٹائون اور گذری میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ،صدر رمضان اعوان کی زیر صدارت اجلاس

منگل 17 اپریل 2018 13:31

تاجر اتحاد کراچی کا کے الیکٹرک کے خلاف بھر پور مہم چلانے کا اعلان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) تاجر اتحاد کراچی کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت رمضان اعوان صدر تاجر اتحاد کراچی ،مرکزی دفتر میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں تاجروں کے بنیادی مسائل اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز زیر غور آئیں ۔جن کے حل کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا ۔اجلاس میں کے الیکٹرک کی بے جا لوڈشیڈنگ ،زائد بلنگ اور دیگر زیادتیوں کا جائزہ لیا گیا کیونکہ بجلی کی طویل اور بے وقت بندش نے کارو باری طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔

کارو باری سر گرمیاں تباہ ہو کر رہ گئی ہیں ۔گھریلو صنعت مکمل طور پر دم توڑ رہی ہے جبکہ ریاست کی مجرمانہ خاموشی کے الیکٹرک کی معاونت کے مترادف ہے ۔ان حالات میں تاجر اتحاد کراچی نے کے الیکٹرک کے خلاف بھر پور مہم چلانے کا فیصلہ کر تے ہوئے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ مظاہرے ہفتے میں تین علاقوں یونیورسٹی روڈ،بلدیہ ٹائون اور گذری میں کیے جائیں گے ۔

مارکیٹوں کے دورے بھی کیے جائیں گے تاکہ تاجران میں کے الیکٹرک کی زیادتیوں سے متعلق آگاہی مہم کو آگے بڑھایا جاسکے گا ۔علاوہ ازیں تاجر اتحاد کراچی کی ممبر سازی مہم بھی شروع کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے تا کہ تاجروں کی تنظیم سازی کر کے کاروباری طبقے کے ساتھ ہو نے والی زیادتیوں کے تدراک کے یے فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں ۔اجلاس میں جنرل سیکریٹری شاہد علی خان ،نائب صدور سجاد احمد خان ،حاجی طور خان ،ڈپٹی سیکریٹری جنرل نعمان بشیر ،نوید الاسلام اور ناظم نشرو اشاعت ابو بکر اعوان بے بھی شر کت کی ۔

متعلقہ عنوان :