کسٹمز کی جانب سے ضبط کی جانے والی 3 ہزار سے زائد نان کسٹمز پیڈ و اسمگل شدہ گاڑیاں فروخت کرنے کا انکشاف

منگل 17 اپریل 2018 13:31

کسٹمز کی جانب سے ضبط کی جانے والی 3 ہزار سے زائد نان کسٹمز پیڈ و اسمگل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) پاکستان کسٹمز کی جانب سے کراچی،کوئٹہ اور پشاور سے ضبط کی جانے والی 3 ہزار سے زائد نان کسٹمز پیڈ و اسمگل شدہ گاڑیاں فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر کو کسٹمزکی جانب سے بتایا گیا کہ کسٹمز کراچی،کوئٹہ اور پشاور کے حکام نے گزشتہ 4سال کے دوران 3 ہزار 363 نان کسٹمز پیڈ و ٹیمپرڈ گاڑیاں پکڑ کر ضبط کیں جن میں سے 3ہزار 100 نان کسٹمز پیڈ اور ٹیمپرڈ گاڑیاں کسٹمز اتھارٹیز نے اوپن آکشن کے ذریعے فروخت کردیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے کسٹمز حکام سے گزشتہ 4 سال کے دوران ضبط کی جانے والی گاڑیوں اور کی فروخت کے بارے میں تفصیلات طلب کرتے ہوئے پوچھاتھا کہ جن لوگوں سے یہ گاڑیاں پکڑی گئی ہیں ان کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے، اوپن نیلامی کا کیا طریقہ کار اختیار کیا گیا،خریداروں کے کوائف کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایف بی آر نے نیلامی میںہر گاڑی کیلیے بڈز کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ کس گاڑی کیلیے کتنی بولیاں موصول ہوئیں اور سب سے زیادہ بولی والے کو گاڑی کی فراہمی کا اصول اپنایا گیا یا نہیں، ہر گاڑی کی مقرر کردہ بک ویلیو کی بھی تفصیلات مانگی گئی ہیں اور اس بک ویلیو کے تعین کے طریقہ کار کی بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ ایف بی آران گاڑیوں کی فروخت کے معاملے کا جامع آڈٹ کرانے کی تجویز کا جائزہ لے رہا ہے کیونکہ ان گاڑیوں کی نیلامی کے متعلق تحفظات پائے جاتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے ماتحت اداروں سے ٹیمپرڈ اور دوسری کٹیگری کی ضبط کردہ گاڑیوں کی تفصیلات بھی مانگی ہیں کہ آیا وہ گاڑیاں کھڑی ہیں یا افسران کو آپریشنل سرگرمیوں کیلیے فراہم کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :