تمام محکموں کا عوام سے بہتر رابطوں کے تعین اور مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششں کریں گے، ضلع ناظم ایبٹ آباد

منگل 17 اپریل 2018 12:18

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) ضلع ناظم ایبٹ آباد علی خان جدون نے کہا ہے کہ ضلع کی ترقی کیلئے سب ایک ٹیم کی صورت میں کام کریں گے، تمام محکموں کا عوام سے بہتر رابطوں کے تعین اور مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششں کریں گے، ضلع ناظم کا دفتر سب کیلئے کھلا ہے، افسران عوام کے نوکر اور ہم عوام کے نمائندے ہیں، مقصد صرف یہی ہے کہ ملکر ضلع کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں ضلعی محکموں کے کے سربراہاں سے اپنے تعارفی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیصل خانزادہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو اسد لودھی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ فائزہ شفیع سمیت سوشل ویلفیئر، محکمہ زراعت سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ضلع ناظم علی خان جدون نے محکموں کے افسران سے مسائل کے حوالہ سے بھی تفصیلی بات چیت کی اور یقین دلایا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے سب کو ایک پیج پر ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اجلاس میں بعض افسران کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا کہ یہاں ہم صرف ضلع کے عوام کی بہتری کیلئے اقدام اٹھانے کیلئے موجود ہیں، افسران کی عدم دلچسبی سے پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔

انہوں نے غیر حاضر افسران کو نوٹس جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ضلع ناظم نے کہا کہ گذشتہ اڑھائی سالوں کے دوران ضلع کونسل کے غیر فعال ہونے سے مسائل پیدا ہو گئے تھے جن کو آپس میں باہمی مشاورت سے ہی حل کیا جا سکتا ہے، ہر محکمہ سے ماہانہ بنیاد پر کارکردگی رپورٹ بھی حاصل کی جائے گی۔ ضلع کی ترقی میں حائل رکاوٹو ں کو دور کرنے کیلئے باہمی رابطوں کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ نے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ پرائمری سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے عارضی اساتذہ بھرتی کئے جائیں اور ایرا کے نامکمل منصوبوں کی وجہ سے بھی مسائل کا سامنا ہے۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کی ترقی کیلئے ایبٹ آباد ڈویلپمنٹ پلان بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہدف کا تعین ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :