متحدہ مجلسِ عمل ہزارہ سمیت صوبہ بھر میں مضبوط امیدوار کھڑے کرے ، سردار ابرار احمد

منگل 17 اپریل 2018 12:18

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) متحدہ مجلسِ عمل ہزارہ سمیت صوبہ بھر میں مضبوط امیدوار کھڑے کرے گی، ہزارہ میں مذہبی سوچ کے اتحاد سے عوام کو سیکولر جماعتوں سے نجات دلائیں گے، ایم ایم اے کی مقبولیت سے حکمران جماعتیں خوفزدہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہا ر جمعیت علمائِ اسلام (ف) کے رہنما امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 15 سردار ابرار احمد خان اور امیرِ جماعتِ اسلامی ایبٹ آباد و امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 37 عبدالرزاق عباسی نے حجرہ شاہزمان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی مذہبی سیاسی جماعتوں کا اتحادمتحدہ مجلسِ عمل آئندہ عام انتخابات میں ایک مضبوط سیاسی قوت بن کر ابھرے گا اور پاکستان کی قومی و صوبائی اسمبلیوں میں وفاقِ پاکستان، اسلامی فلاحی ریاست کے قیام اور غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑے گا۔

(جاری ہے)

سردار ابرار احمد خان نے کہا کہ قائدِ جمیعت مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق سمیت اتحاد میں شامل تمام قائدین اس بات پر متفق ہیں کہ آئندہ الیکشن میں مغربی و سیکولر ذہنیت کی جماعتوں کا راستہ روکا جائے، پاکستان کی فلاح و ترقی صرف اسلامی نظام میں ہے اور جب تک پاکستان کے قانون ساز اداروں میں اسلامی سوچ کے حامل افراد نہیں ہوں گے تبدیلی نہیں آئے گی۔

عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ ایم ایم اے کے اتحاد سے پہلے بھی خیبر پختونخوا میں حکومت بنی تھی اور آئندہ انتخابات میں بھی ایم ایم اے بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ایبٹ آباد کی دو قومی اور چار صوبائی نشستوں پر مضبوط امیدوار کھڑے کریں گے، ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے جمیعتِ علماء اسلام، جماعتِ اسلامی اور اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں سمیت بہت سی عوامی اور قدآور سیاسی شخصیات الیکشن لڑنے کی خواہشمند ہیں البتہ حتمی امیدواروں کا اعلان اتحاد کی مرکزی قیادت اور پارلیمانی بورڈ کرے گی۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام ایبٹ آباد کے جنرل سیکرٹری مفتی ذین العابدین اور ممبر تحصیل کونسل سردار محمد ایوب بھی موجود تھے۔