پی ڈی ڈبلیو پی نے گرلز ہائر سیکنڈری سکول بانڈی میاں پیرداد کے قیام کی منظوری دیدی

منگل 17 اپریل 2018 12:08

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) پراونشل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو پی) نے گرلز ہائر سیکنڈری سکول بانڈی میاں پیرداد کے قیام کی منظوری دیدی۔ مذکورہ منصوبہ پر 8 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق کی میٹنگ پی ڈی ڈبلیو پی کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر شہزاد حسین بنگش کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں مختلف سرکاری محکموں کے صوبائی سیکرٹری، چیف اکانومسٹ، چیف پلاننگ آفیسر ایجوکیشن ادریس اعظم، سینئر پلاننگ آفیسر ایجوکیشن حشمت علی خان، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ہری پور حافظ سرفراز خان اور پی اینڈ ڈی کے چیف ایجوکیشن و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں دیگر منصوبوں کے علاوہ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول بانڈی میاں پیرداد یونین کونسل سرائے نعمت خان کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ہری پور حافظ سرفراز خان نے صحافیوں کو بتایا کہ موجودہ حکومت کی پالیسی کے مطابق کلاس ششم سے بارہویں تک سکولز بنائے جا رہے ہیں، اس سلسلہ میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول بانڈی میاں پیرداد یونین کونسل سرائے نعمت خان ضلع ہری پور کا پہلا سکول ہو گا جو 8 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے تیار ہو گا، اس سکول میں 11 کلاس رومز، لائبریری روم، فزکس، کیمسٹری، بیالوجی اور آئی ٹی کی چار لیبارٹریز، ایڈمنسٹریشن بلاک اور 70x40 سائز کا ہال بنایا جائے گا۔

مذکورہ سکول ملٹی میڈیا، سولر پینل سمیت تمام بنیادی اور ضروری سہولیات اور آلات سے آراستہ ہو گا، اس سکول کے قیام سے نہ صرف گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سرائے نعمت خان میں طالبات کا بوجھ کم ہو گا بلکہ اس علاقہ کی طالبات کو گھر کی دہلیز پر انٹر تک تعلیم کی سہولت بھی میسر آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس نوعیت کے مزید تین سکول مختلف مقامات پر تعمیر کئے جائیں گے، اس منصوبہ کیلئے فنڈ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے صوبائی مشیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان اور یوسف ایوب خان کی کاوشوں سے جاری کئے تھے۔