طلحہ فائونڈیشن ہزارہ بھر میں عوام کو صحت اور فنی تعلیم کی سہولیات دینے کیلئے کردار ادا کر رہی ،سینیٹر طلحہ محمود

منگل 17 اپریل 2018 12:08

طلحہ فائونڈیشن ہزارہ بھر میں عوام کو صحت اور فنی تعلیم کی سہولیات دینے ..
ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ طلحہ محمود فائونڈیشن ہزارہ بھر میں عوام کو صحت اور فنی تعلیم کی سہولیات دینے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے، یہ تیسرا میڈیکل کیمپ ہے جس میں ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹر محتلف بیماریوں کے ٹیسٹ کر کے لوگوں کو ادویات دے رہے ہیں، جن لوگوں کی نظر کمزور ہے ان کی آنکھوں کا معائنہ کر کے ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، ہمارا 70 فیصد ہدف خواتین ہیں جو مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، ایسی خواتین کو علاج معالجہ کہ سہولت دینا اہم مقصد ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترناوہ میں فری میڈیکل کیمپ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں کے علاج کیلئے الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال کے تعاون سے ڈاکٹرز آنکھوں کا معائنہ کر رہے ہیں، جن لوگوں کی آنکھوں میں موتیا ہے یا ان کو آپریشن کی ضرورت ہے تو ان کو الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال ریفر کیا جا رہا ہے جہاں پر ایک ماہ کے اندر ان کی آنکھوں کے آپریشن ہوں گے، جوڑوں کے درد کا بڑا مسئلہ اس علاقہ میں موجود ہے، اس کی ادویات دی جا رہی ہیں، رمضان المبارک کے بعد ہزارہ کے مختلف مقامات پر مزید فری میڈیکل کیمپ لگائیں جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہماری کوشش ہو گی کہ ہزارہ کے اندر جو مستحق اور بیمار لوگ ہیں ان کو علاج معالجہ کیلئے طبی سہولت دے سکیں، طلحٰہ محمود فائونڈیشن اپنے ذاتی فنڈز سے لوگوں کی خدمت کر رہی ہے، تین ہزار سے زائد مستحق بیوہ اور یتیم بچیوں کو سلائی مشینیں دی گئی ہیں تاکہ وہ اپنا باعزت روزگار گھر میں بیٹھ کر پیدا کر سکیں، اس کے ساتھ ہم صحت اور تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ ایک صحت مند اور پڑھے لکھے معاشرہ کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔

سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ وہ ضلع ہری پور کے تمام عوامی نمائندوں کی دل سے قدر کرتے ہیں اور آنے والے وقت میں ملکر ان کے حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ بھر میں عوام الناس کی سہولت کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے خصوصاً خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے سلائی کڑاہی کے سنٹر قائم کیا تاکہ وہ اپنا معیار زندگی بہتر بنا سکیں۔ اس کے ساتھ لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات اور ان کی مدد و امداد کیلئے مستقبل میں مزید اقدامات کریں گے۔

متعلقہ عنوان :