ریڈیو سکردو کی ترقی کیلئے سپاہی بن کر کام کریں گے ‘ محمدابراہیم ثنائی

منگل 17 اپریل 2018 12:06

ریڈیو سکردو کی ترقی کیلئے سپاہی بن کر کام کریں گے ‘ محمدابراہیم ثنائی
استور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد ابراہیم ثنائی نے کہا ہے کہ ریڈیو سکردو کی ترقی کیلئے ہم وہ کچھ نہیں کر سکے جو کرنا چاہیے ، غفلت کا اعتراف کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں ہونی چاہیے ، جب میں وزیر اطلاعات و نشریات تھا تو ایف ایم ریڈیو کے قیام اور چینل لانے کیلئے بڑی جدوجہد کی تھی ، اب ہم سے جو کچھ ہو سکتا ہے کریں گے آئندہ اے ڈی پی میں فنڈ رکھ کر ریڈیو پاکستان سکردو کو ترقی دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈیو پاکستان سکردو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلتستان کی تاریخ بہت قدیم ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ ہماری تہذیب و ثقافت پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے جس کے باعث تہذیب و ثقافت محدوم ہوتی جا رہی ہے۔ ریڈیو پاکستان سکردو کی ترقی پر اس طرح توجہ نہیں دے رہے ہیں جس طرح دینی چاہیے تھی انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان سکردوکی استعداد کو بڑھانا ہو گا یہاں بڑی مشینری نصب ہونی چاہیے ، ریڈیو سکردو کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سپاہی بن کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تہذیب و ثقافت کے تحفظ کیلئے کام کرنا ہو گا ورنہ ہماری تہذیب و ثقافت ختم ہو جائے گی اور ہماری نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی ۔