وفاقی حکومت کا ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی فنڈز میں اضافے پر غور

منگل 17 اپریل 2018 11:41

وفاقی حکومت کا ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی فنڈز میں اضافے پر غور
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے لئے تعلیمی شعبہ کی بہتری اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز میں 10 ارب روپے اضافے پر غور کر رہی ہے۔ رواں مالی سال کے دوران ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی کاموں کے لئے 35 ارب 66 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے تھے تاہم وفاقی حکومت آئندہ مالی 2018-19ء ایچ ا ی سی کے ترقیاتی بجٹ میں اضافے پر غور کررہی ہے جو آئندہ مالی سال 45 ارب روپے تک پہنچ جائیں گے۔

حکومت پاکستان وژن 2025ء کے تحت نوجوان نسل کو تعلیمی انقلاب کے ذریعے بہترین مستقبل سے ہمکنار کرنا وفاقی حکومت کا اولین مشن ہے۔گزشتہ روز وزارت منصوبہ بندی میں منعقد کئے جانے والے سالانہ ترقیاتی منصوبہ کی تعاون کمیٹی کا وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارات اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف وفاقی وزارتوں ، خود مختار اداروں اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی منصوبوں کے لیے رقم مختص کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔

اس موقع پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ مالی سال کے دوران منظور کئے گئے 35 ارب روپے کو ہی برقرار رکھتے ہوئے اتنی ہی رقم مختص کرنے کی سفارش کی گئی۔ تاہم اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے یہ رقم از خود 35 ارب روپے سے بڑھا کر 45 ارب کر دی۔ احسن اقبال نے کہا کہ عالمی سطح پر مقابلے بازی اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کے لیے اعلی تعلیم ، تحقیق اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں زیادہ سے زیادہ رقم خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں علم ، اقتشاف اور معیاری تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنا ہماری قومی ضرورت ہے اور علم پر مبنی معیشت کے قیام کے نتیجے میں ہی ہم اقوام عالم کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اعلی تعلیم کو جدید خطوط اور اسلوب پر ڈھالنے کے لیے قابل عمل منصوبے بنائے۔واضح رہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران اعلی تعلیم کے بجٹ میں 132 فیصد سے زائد کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔