پی ٹی آئی کراچی کا لیبر کنونشن جلسے کی صورت اختیار کرگیا۔

بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کارکنان اور عوام کی شرکت اگر پانی اور بجلی کی بندش ختم نہ ہوئی تو پاکستان تحریک انصاف کسی بھی وقت احتجاج کی کال دے سکتی ہے، سربلند خان

پیر 16 اپریل 2018 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف لیبر ونگ کراچی کے صدر سربلند خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مزدوروں اور غریب عوام کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔ ہم غریب آدمی اور کچی آبادی میں بسنے والے لوگوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بلدیہ ٹائون میں ہونے والے لیبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام نے بڑی تعداد میں مذکورہ لیبر کنونشن میں شرکت کی۔ لیبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سربلند خان نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ غریب کا بچہ بھی امیروں کی طرح اچھے اسکول میں تعلیم حاصل کرے ، اچھے ہسپتال میں اس کا علاج ہو اور بہترین اور صاف ستھری فضا میں رہے۔

(جاری ہے)

ہم صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ، پانی کی کمی اور فضا کی آلودگی جیسے مسائل پر عوام کی مشکلات پر احتجاج کرتے ہیں۔

ہم جو کچھ بھی کہتے ہیں وہ دراصل عوام کے موجودہ مسائل پر کہی گئی ہماری بات ہوتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پورے ملک، بالخصوص سندھ اور پورے سندھ بالخصوص کراچی کا خیال رکھا جائے اور یہاں کے عوام کی آواز سنی جائے۔ پاکستان کے عوام کو بنیادی ضروریاتِ زندگی ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں اور لوگ تمام معاشی و معاشرتی پریشانیوں سے آزاد ہو کر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کریں۔ اگر پانی اور بجلی کی بندش ختم نہ ہوئی تو پاکستان تحریک انصاف کسی بھی وقت احتجاج کی کال دے سکتی ہے۔ ہم کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کی انتظامیہ کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ اپنا قبلہ درست کرلیں بصورتِ دیگر ہم کسی بھی وقت احتجاج کا حق استعمال کرسکتے ہیں۔