پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پرعطائیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے 14اضلاع میں ٹیمیں روانہ کردیں

پیر 16 اپریل 2018 23:02

لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق عطائیوں کے مکمل خاتمے کیلئے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے 14اضلاع میں کارروائی کیلئے ٹیمیں روانہ کر دی ہیں جنہوں نے عطائیوں کے اڈے بند کرنا شروع کر دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ ٹیمیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر مختلف اضلاع میں کارروائی کررہی ہیں تاکہ سپریم کورٹ میں مطلوبہ رپورٹ مقررہ وقت پر پیش کی جاسکے۔

(جاری ہے)

کمیشن نے اس سلسلے میں متعلقہ محکموں اور اسٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لے لیاہے۔ مزید برآں کمیشن نے عطائیوںکے اڈوں کے بارے میں درست اطلاع حاصل کر نے کیلئے موبائل ایپ سنسس انفارمیشن مینجر(سی ایم آئی )کا آغازبھی کر دیاہے، جس سے متعلقہ حکام کوہمہ وقت درست معلومات فراہم ہواکریں گی۔گزشتہ ہفتہ میں کمیشن کی ٹیموں نے تین شہروں لاہور،راولپنڈی اور اوکاڑہ میں 100عطائیوں کے اڈوں کو بند کیا تھا ،جن میں اوکاڑہ کے 50،روالپنڈی کے 31اور لاہور کے 19 تھے۔ یادرہے کہ پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن نے اب تک 8,550سے زائد عطائیوں کے اڈوں کو بند کرکے انہیں تقریباً چھ کروڑ 65لاکھ روپے جرمانہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :