سیکرٹری صحت علی جان خان کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد کا دورہ ،مختلف وارڈز کا معائنہ کیا

پیر 16 اپریل 2018 23:01

گو جرانوالہ۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)سیکرٹری محکمہ صحت پنجاب علی جان خان نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا اضافہ ہماری سروسز پر اعتماد کا مظہر ہے،لوگ عطائیوں کے پاس جانے کی بجائے ہمارے پاس آرہے ہیں۔ گزشتہ تین سالہ ادوار میں ہسپتال میں دی جانے والی ادویات اعلیٰ ترین معیار کی ہوتی ہیں۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد کے دورہ کے موقعہ پر سیکرٹری صحت نے کہا کہ ٹی ایچ کیو کے معاملات میں دن بدن بہتری آرہی ہے۔

او پی ڈی بلاک مکمل کرلیا گیا ہے۔ہیلتھ کونسل کے توسط سے اوپر والا فلور مکمل کرلیا جائے گا اس سلسلہ میں فنڈز ٹرانسفر کردیئے ہیں جو دو چار روز میں ہسپتال کو مل جائیں گے۔ٹراما سینٹر کی سہولیات ملنے سے مریضوں کو بروقت علاج کی سہولیات میسر آئی ہیں۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں گائنی بلاک کی تعمیر جاری ہے۔ڈاکٹرز کی ٹیم اور انتظامیہ سب ملکر شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔علی جان خان نے کہا کہ محکمہ صحت عطائیت کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرے گا۔ 10پندرہ دن میں کمپیوٹرائزڈ ٹوکن سسٹم منظم ہوجائے گا۔ امراض کی مناسب تشخیص نہ ہونے اور غلط علاج معالجہ کی شکایت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارے سرکاری اداروں میں بے قاعدگیاں پائی جاتی ہیں اس بات سے انکار نہیں کیا جاتا،کسی بھی محکمہ میں ایسے مافیاز ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی ذاتی دکانداریا ں چلائی ہوتی ہیں۔

عملہ کی کمی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم قابل لوگوں کو اداروں میں لارہے ہیں، میڈیکل لیب ٹیکنا لوجسٹ کو ہسپتالوں میں متعارف کروایا ہے عنقریب وزیرآباد میں بھی قابل عملہ تعینات کردیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ مختلف شہروں چکوال اٹک جہلم لیہ وہاڑی میں لیبارٹریوں کوپرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے چلائیں گے۔پتھالوجسٹ، یورالوجسٹ کی عدم دستیابی پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہر طرح کے کنسلٹنٹ ہسپتالوں میں فراہم کریں۔عطائیت کے خلاف سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بھی کاروائی کریں گے محکمہ صحت کے عملہ کی عطائیت میں ملوث ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو روکنا ہمارے لئے بڑا امتحان ہے۔