کراچی یوتھ الیکشن کی منتخب لیڈر شپ عوامی مسائل کے حل میں بھر پور کردار ادا کرے گی ،حافظ نعیم الرحمن

نوجوان 20اپریل کو وزیر اعلیٰ ہائوس کے گھیرائو کیلئے بھر پور تیاریاں کریں،نومنتخب نوجوانوں کے اعزاز میں استقبالیے سے خطاب

پیر 16 اپریل 2018 21:54

کراچی یوتھ الیکشن کی منتخب لیڈر شپ عوامی مسائل کے حل میں بھر پور کردار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جے آئی یوتھ ’’کراچی یوتھ الیکشن ‘‘ میں منتخب ہو نے والی لیڈر شپ کراچی میں نچلی سطح پر عوامی مسائل میں اپنا مؤثر اور بھر پور کردار ادا کرے گی ۔یہ یوتھ لیڈر شپ کراچی میں متبادل قیادت کے طور پر آگے بڑھے گی اور جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل اور کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور لوڈشیڈنگ کے خلاف 20اپریل کو وزیر اعلیٰ ہائوس کا گھیرائو کرے گی، نوجوان اس احتجاج کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لیے بھر پور تیاریاں کریں اور اپنی تمام ترصلاحیتیں اور توانائیاں بروئے کار لائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب پر جے آئی یوتھ ڈسٹرکٹ سائوتھ کے تحت ’’کراچی یوتھ الیکشن‘‘ میں منتخب ہونے والے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے کراچی پریس کلب کے صدر احمد ملک ،امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی عبد الرشید ،سکریٹری ضلع جنوبی سفیان دلاور ،جے آئی یوتھ کراچی کے صدر حافظ بلال رمضان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر ظہور احمد جدون ،صدر جے آئی یوتھ ضلع جنوبی محمد عامر ، امیر زون اولڈ سٹی ایریا فتح محمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔ تقریب کے لیے ایک خوبصورت اور بڑا اسٹیج قائم کیا گیا تھا جس پر ضلع جنوبی میں کراچی یوتھ الیکشن میں نومنتخب چیئرمین ، وائس چیئرمین اور کونسلرز کے لیے دونوں اطراف میں کرسیاں لگائی گئیں تھیں۔ استقبالیے میں نومنتخب یوتھ لیڈرز کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔

جے آئی یوتھ ضلع جنوبی یوتھ ممبر شپ اور یوتھ لیڈر شپ کے نگراں طارق رحمن نے کی تفصیلی رپورٹ پیش اوربتایا کہ مہم میں 30,000نوجوانوں سے سے رابطہ ہوا جس میں سے 18000 جے آئی یوتھ کے ممبربنے 26یوسیز میں انتخابات ہوئے اور 200 نوجوان منتخب ہوئے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ضلع جنوبی مبارکباد کی مستحق ہے جس نے انتخاب کے فوری بعد یہ خوبصورت محفل سجائی ،امید ہے کہ یہی نوجوان نچلی سطح پر معاشرے میں آگے بڑھ کرعوام کی خدمت کریں گے۔

تمام نومنتخب مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوںنے انتخاب کے عمل میں حصہ لیا اورکامیاب ہو ئے اور وہ لوگ بھی قابل مبارکباد ہیں جنہوں نے ووٹ ڈالے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی یوتھ الیکشن اور یوتھ ممبر شپ میں جماعت اسلامی کی لیڈر شپ نے احسن طریقے سے کام کیا ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی نومنتخب نوجوانوں سے رابطے میں رہیں گے ۔ امریکہ نے شام کے بچوں پر حملہ کیا ، عراق میں بھی گزشتہ سالوں میں 15لاکھ مسلمانوں کو قتل کیا گیا ، روہنگیا میں مسلمانوں کو قتل کیا جارہا ہے ، کشمیر میں ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کو شہید کیا جاچکا ہے ، ستر سال سے یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں موجود ہے لیکن اب تک کشمیریوں کو ان کا حق ِ خود ارادیت نہیں دیا گیا ۔

اس کی اصل وجہ یہی ہے کہ ہمارے اوپر ایسا طبقہ مسلط ہے جوامریکا اور بھارت کے اشاروں پر ناچتا ہے اور عوام کو آپس میں لڑوانا چاہتا ہے ،آج کا نوجوان بیدار ہے ہمیں وہ کسی صورت میں بھی تقسیم نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 65فیصد طبقہ نوجوانوں کا ہے اور یہی نوجوان آگے بڑھ کر ملک میں امریکی ذہنیت کے لوگو ںکوو شکست دیں گے اور پاکستان کو کسی کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔

ایک منظم طریقے سے کراچی کو یرغمال بنادیا گیاتھا ، اب اللہ کا شکر ہے کہ عوام میں بیداری پیدا ہوئی ہے اب قومیت و لسانیت کے نام پر مزید سیاست نہیں کرنے دی جائے گی ۔ اب ہمیں نفرت اور تعصب کی بنیاد پر تقسیم نہیں کیا جا سکے گا ۔ انہو ںنے کہا کہ جماعت اسلامی اپنی بساط کے مطابق شہر میں کام کررہی ہے ، لیکن جن کے پاس اختیارات ہیں ، جن کے پاس اقتدار ہے وہ کراچی کے شہریوں کے مسائل حل نہیں کر رہے ، اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے ، حکومت ہر شہری سے مختلف مدات سے ٹیکس وصول کررہی ہے ، ٹیکس کی وصولی صرف اور صرف اس لیے ہوتی ہے کہ عوام کو فری تعلیم دی جائے ، فری میڈیکل سہولیات مہیا کی جاہیں لیکن حکومت ٹیکس تووصول کررہی ہے لیکن بدلے میں عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا گیا ۔

احمد ملک نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ایسے حالات میں ملک کے نوجوانوں کو منظم کرنے کی جدوجہد کی ہے جب ملک میں کرپٹ اور ظالم ٹولہ متحد ہے ، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ، کوئی ادارہ محفوظ نہیں ہے جو کرپشن سے پاک ہو، ایسے موقع پر جماعت اسلامی کا نہایت ہی احسن اقدام ہے کہ یوتھ الیکشن کے ذریعے نوجوانوں کی یہ ذمہ داری لگائی ہے کہ وہ گلی محلوں کی سطح پر کام کریں اورعوام کے مسائل حل کریں ۔

عبد الرشید نے کہا کہ الحمدللہ نوجوانوں تک جماعت اسلامی کا پیٖغام پہنچایا گیا ہے اور اس پیغام کے ساتھ انتخابی عمل میں بھی شامل کیا جس کے نتیجے میں آج نومنتخب ممبران جماعت اسلامی کا جھومر بنے ہوئے ہیں ۔ضلع جنوبی یوتھ کے منتخب ممبران کونسل کا نام سابق میئر عبدا لستار افغانی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے اور اس نام کی نسبت صرف اسی وجہ سے ہے کہ تاکہ آج کا یوتھ معاشرے میں ہر سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت حکومت میں موجود نہیں ہے لیکن اس کے باوجود حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ڈیڑھ لاکھ افراد کے بلاک شدہ شناختی کارڈ کو درست کرایا اور کراچی میں اذیت ناک لوڈ شیڈنگ کے خلاف بھی جماعت اسلامی کراچی کی قیادت نے آواز اٹھائی ہے اور نیپرا کو مجبورکیا ہے کہ وہ کے الیکٹرک کے ٹیرف میں اضافے سے باز رہے اور الحمدللہ آج جماعت اسلامی کامیاب ہوئی ہے اور کے الیکٹرک اپنے ٹیرف میں اضافہ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔

حافظ بلال رمضان نے کہا کہ نومنتخب یوتھ لیڈرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ’’کراچی یوتھ الیکشن‘‘ میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم منتخب نمائندوں کے پاس جا کر شہری مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہیں یا کھیل کے میدانوں کے مسائل کی بات کرتے ہیں تو تمام منتخب نمائندے فنڈز کا رونا روتے ہیں اور عوام کے مسائل حل نہیں کرتے لیکن ماہانہ تنخواہ باقاعدہ وصول کی جاتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ اب اس شہرمیں متبادل قیادت پیدا کی جائے جو شہر کے مسائل حل کرنے میں مدد کریں ۔