وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی خانپور ڈیم فیز تھری پراجیکٹ کے لئے 5کروڑ 70لاکھ روپے کے فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت

پیر 16 اپریل 2018 21:42

وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی خانپور ڈیم فیز تھری پراجیکٹ کے لئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ‘ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے تاخیر اور مجموعی لاگت بڑھنے کے حوالے سے تحفظات کے باوجود ایم این اے ملک ابراراحمد اور راولپنڈی کینٹونمنٹ کی درخواست پر خانپور ڈیم فیز تھری پراجیکٹ کے لئے 5کروڑ 70لاکھ روپے کے فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت دیدی‘خانپور ڈیم فیز تھری پراجیکٹ 30جون 2018 تک مکمل کیا جائے ‘متعلقہ اداروں کو2008سے اب تک منصوبے کی تکمیل میں تاخیر اوربے ضابطگیوں پر کارروائی کے لئے کیسز بھجوائے جائیں گے ۔

پیر کو وزارت مصنوبہ بندی ‘ترقی و اصلاحات میں سالانہ منصوبہ بندی تعاون کمیٹی (اے پی سی سی ) کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس کی صدارت وزیر منصوبہ بندی ‘ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے ایجنڈے میں شامل خانپور ڈیم فیز تھری منصوبے پر بات چیت کے لئے ایم این اے ملک ابرار احمد ‘ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاع اورکینٹ ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی سبطین رضا اجلاس میں شریک ہوئے ۔

منصوبہ بندی ڈویژن کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ منصوبے کی تکمیل میں بہت تاخیر ہوچکی ہے اور مجموعی لاگت میں بھی بہت اضافہ ہوچکا ہے اس لئے اس منصوبے کو بند کردیا جائے ۔ ایم این اے ملک ابرار احمد نے وزیر منصوبہ بندی‘ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی اجازت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خانپور ڈیم منصوبے کا آغاز 2008میں ہوا، اس منصوبے کی تکمیل میں اگر اداروں کی کوتاہی یا کسی جگہ پر بے ضابطگیاں ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے لیکن اس تاخیر یا کسی قسم کی بے ضابطگیوں میں موجودہ انتظامیہ کا کوئی عمل دخل نہیں ہے ‘بطور ایم این اے حلقے کے عوام کی آواز اٹھانے کے لئے آج یہاں بیٹھا ہوں ‘ یہ منصوبہ عوامی مفاد کا حامل منصوبہ ہے ‘اس منصوبے کے پہلے دو فیز مکمل ہونے سے کینٹ کے علاقوں میں پانی کی ترسیل ہورہی ہے‘ تیسرے فیز کی تکمیل سے کینٹ کی سویلین آبادی کو پانی کی بہتر مقدار مل سکے گی ۔

ملک ابرار احمد نے وزیرمنصوبہ بندی ‘ترقی و اصلاحات سے درخواست کی کہ خانپور ڈیم فیز تھری منصوبے کے لئے 5کروڑ 70لاکھ کے فنڈز فوری فراہم کیے جائیں تا کہ مشنیری ‘ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب اور پانی کے ذخائر مکمل کیے جاسکیں۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ اگر اس مرحلے پر منصوبے کو بند کر دیا گیا تو عوام کو پانی کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

کینٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او سبطین رضا نے اجلاس کو خانپور ڈیم فیز تھری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے تفصیلی بات چیت مکمل ہونے کے بعد ایم این اے ملک ابرار احمد کی درخواست پر اس منصوبے کے لئے 5کروڑ 70لاکھ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تاخیر اور بے ضابطگیوں پر معاملہ تحقیقات کے لئے متعلقہ حکام کو بھجوایا جائے اور یہ منصوبہ 30جون تک مکمل کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :