کراچی، میئر کراچی کے شب برات سے قبل قبرستانوں میں زائرین کی سہولت کے لئے

صفائی ستھرائی، بجلی اور پانی کی فراہمی کے لئے خصوصی انتظامات ْضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے قبرستانوں کے اطراف تجاوزات کے خاتمے اور جراثیم کش اسپرے کا بھی انتظام کیا جائے گا، قبرستانوں کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی رہنمائی کے لئے سٹی وارڈنز تعینات کئے جائیں گے

پیر 16 اپریل 2018 21:15

کراچی، میئر کراچی کے شب برات سے قبل  قبرستانوں میں زائرین کی سہولت کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء) میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پربلدیہ عظمیٰ کراچی شب برأت سے قبل قبرستانوں میں زائرین کی سہولت کے لئے ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے صفائی ستھرائی، بجلی اور پانی کی فراہمی کے لئے خصوصی انتظامات کرے گی جبکہ قبرستانوں کے اطراف تجاوزات کے خاتمے اور جراثیم کش اسپرے کا بھی انتظام کیا جائے گا، قبرستانوں کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی رہنمائی کے لئے سٹی وارڈنز تعینات کئے جائیں گے، گرم موسم کی وجہ سے زائرین کو فوری طبی امداد مہیا کرنے کے لئے مکمل سہولیات سے آراستہ ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی تیار حالت میں بڑے قبرستانوں کے باہر موجود رہیں گی، کے ایم سی کے 24 قبرستانوں میں 40 جنریٹرزاور 1160 اسٹارچ لائٹس کی تنصیب کے علاوہ قبرستانوں کے باہر پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے کیمپس لگائے جائیں گے، مجموعی طور پر 192 کے ایم سی ورکرقبرستانوں میں خدمات انجام دیں گے، قبرستانوں میں موجود جھاڑیوں کی صفائی کے لئے 50 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا جا رہا ہے تاکہ مرکزی دروازے سے لے کر دیگر داخلی راستوں کو صاف اور کشادہ کیا جاسکے، یہ بات شب برأت کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی کی صدارت میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی گئی جس میںچیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا، وائس چیئرمین بلدیہ شرقی عبدالرئوف، میونسپل کمشنر کے ایم سی ڈاکٹر اصغر عباس، چیئرمین ای اینڈ ایم کمیٹی خالد اجمیری، چیئرمین فائربریگیڈ کمیٹی امان خان آفریدی، چیئرپرسن میڈیا مینجمنٹ کمیٹی صبحین غوری، چیئرپرسن میڈیکل کمیٹی ناہید فاطمہ، میونسپل کمشنر غربی اشفاق ملاح، میونسپل کمشنر جنوبی برکت اللہ، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور، ڈائریکٹر قبرستان اقبال پرویز، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد اور دیگر افسران بھی موجود تھے، اجلاس کے دوران شہر کے مختلف اضلاع میں موجود قبرستانوں کی صورتحال اور وہاں زائرین کی سہولت کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے نمائندوں اور کے ایم سی افسران پر زور دیا کہ شب برأت کے موقع پر اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ کے لئے آنے والے شہریوں کو قبرستانوں میں کسی بھی قسم کی دشواری سے محفوظ رکھنے کے لئے پیشگی تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں، انہوں نے کہا کہ شب برأت عبادتوں کی رات ہے لہٰذا ہمیں کم از کم اس بڑی رات کو قبرستان جانے والے شہریوں کی سہولت کا خاص خیال رکھنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے 80 فیصد قبرستان ضلع غربی میں واقع ہیں اس لئے ضلع غربی کی انتظامیہ کو اس موقع پر فعال کردار ادا کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے اسٹینڈ بائی جنریٹرز سمیت دیگر انتظامات کئے جا رہے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ ضلعی انتظامیہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ مکمل اشتراک عمل یقینی بنائے گی اور کسی بھی رکاوٹ یا مسائل کی صورت میں فوری اقدامات کرکے شہریوں کو سہولت پہنچائیں گے، انہوں نے کہا کہ قبرستانوں کے اطراف سیوریج کی لائنوں سے رسائی کو روکنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں تاکہ قبرستان میں سیوریج کا پانی نہ جائے اور قبروں کی بے حرمتی نہ ہو، شدید گرمی کے پیش نظر ہیٹ اسٹروک کے خطرے سے نمٹنے کے لئے کے ایم سی کی ایمبولینس میں تمام ضروری ادویات اور عملہ موجود رہنا چاہئے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد مہیا کی جاسکے، اجلاس کے دوران شہر کے 24قبرستانوں کی فہرست بھی پیش کی گئی جہاں بلدیہ عظمیٰ کراچی جنریٹر اور دیگر سہولیات مہیا کرے گی، ان میں سخی حسن قبرستان، محمد شاہ قبرستان، پاپوش نگر قبرستان، لیاقت آباد سٹی ون ایریا قبرستان، عظیم پورہ قبرستان، کورنگی نمبر 6 قبرستان، سعود آباد قبرستان، محمود آباد قبرستان، میوہ شاہ قبرستان، مواچھ گوٹھ قبرستان،النور قبرستان،عیسیٰ نگری قبرستان، پی ای سی ایچ ایس قبرستان، کھجی گرائونڈ قبرستان،ماڈل کالونی قبرستان،کالونی گیٹ قبرستان،خاموش کالونی قبرستان،صدیق آباد قبرستان،یاسین آباد قبرستان،چکرا گوٹھ قبرستان،الفتح اورنگی قبرستان،تھورانی گوٹھ قبرستان،سلیم آباد قبرستان شامل ہیں جبکہ دیگر قبرستانوں میں بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی انتظامیہ مل کر زائرین کی سہولت کے لئے انتظامات کریں گی۔

#

متعلقہ عنوان :