ملک کے سارے لٹیرے اکٹھے ہوکر اداروں پر حملہ کررہے

ہیں،عمران خان عدلیہ کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہے، سپریم کورٹ کے جج کے پر حملہ بھی ان ہی لٹیروں نے کیا ہے،جلسے سے خطاب

پیر 16 اپریل 2018 21:13

ملک کے سارے لٹیرے اکٹھے ہوکر اداروں پر حملہ کررہے
مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے سارے لٹیرے اکٹھے ہوکر اداروں پر حملہ کررہے ہیں،واجد ضیاء اور عدلیہ کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہے، سپریم کورٹ کے جج پر حملہ بھی ان ہی لٹیروں نے کیا ہے، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے جن ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی نے سینیٹ انتخابات میں ضمیر فروشی کی ہے انہیں ہر صورت پارٹی سے نکال دیا جائے گا، برسر اقتدار آکر فوری طور پر فاٹا کو خیبرپختونخوا ضم کرائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان کے علاقہ شیر گڑھ ہاتھیان میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا، جلسے سے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، ارکان قومی اسمبلی مراد سعید، علی محمد خان، صوبائی وزراء عاطف خان ، شاہ فرمان اور مقامی رہنمائوں ندیم شاہ اور امیر سرفراز نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی وعلاقے کی معروف سیاسی شخصیت سرفراز خان نے اپنے خاندان سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ دھرنوں سے قوم میں شعورآیا، پہلے جدھر اقتدار ادھر عدلیہ ہوتی تھی لیکن اب ملکی تاریخ میں پہلی بار عدلیہ نے ملک کے طاقتور وزیراعظم کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا، نواز شریف آپ کو 300 ارب روپے کرپشن کرنے پر نکالا گیا ہے، عوام کا پیسا چوری کرکے باہر لے گئے ہیں، میں نے خیبرپختونخوا حکومت کا ایک روپیہ اپنے اوپر خرچ نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ آج کل ایک تنظیم پاک فوج کے خلاف بات کررہی ہے اگر فوج نہ ہوتی تو پاکستان میں بھی دیگر مسلم ممالک کی طرح تباہی مچی ہوتی، میں پہلے دن سے امریکا کی جنگ کا مخالف ہوں، قبائلی علاقوں میں فوج نہیں بھیجنی چاہیے تھی، لیکن اس میں فوج کا قصور نہیں بلکہ اس کا قصور ہے جس نے فوج قبائلی علاقوں میں بھیجی تھی، فوج نے تو اپنا کام کرنا تھا، یہ پہلے امریکا کی جنگ تھی اب تو اپنی جنگ ہوگئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب ہم نے فوج بھیج دی اور امریکا کی جنگ لڑی تو اس سے قبائلیوں کا نقصان ہوا، لوگ مارے گئے، لاپتہ ہوگئے، کاروبار اور گھر تباہ ہوگئے لیکن اب اس مسئلے کا ایک ہی حل ہے کہ خیبرپختونخوا میں قبائلی علاقے کو ضم کردیا جائے، پاکستانی فوج کے خلاف باتیں کرنے والے پاکستان سے دشمنی کررہے ہیں، ہماری فوج ہمیں بچاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے چن چن کر ضمیر فروشوں کو نکالیں گے، ہمارے 14 یا 17 ایم پی ایز نے اپنا ضمیر بیچااور میرا وعدہ ہے کہ ایک ایک کو پارٹی سے نکالیں گے، چاہے الیکشن ہار جائیں لیکن ضمیر فروشوں کو پارٹی میں نہیں رکھیں گے۔

پی ٹی آئی چیرمین کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کہتا ہے عمران خان یہودیوں کی سازش ہے لیکن میں کہتا ہوں کہ فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کی کیا ضرورت ہے، انہوں نے مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈیزل تم اقتدار میں ہر پارٹی کے ساتھ مل جاتے ہو،پرویز مشرف، زرداری اور نوازشریف کے ساتھ رہے لیکن کشمیریوں پر ظلم ہورہا ہے اور اس کے خلاف آواز اٹھانے کے بجائے تم دنیا کی سیر کررہے ہو‘۔

عمران خان نے 29 اپریل کو لاہور میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس جلسہ کے دوران وہ اپنا منشور پیش کریں گے،انہوں نے کہا کہ آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے اور کوئی بھی اسے نہیں روک سکتا، وفاق سمیت چاروں صوبوں میں تحریک انصاف کی حکومت ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :