روسی سرمایہ کار پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں، اس سلسلہ میں ماسکو کے تاجروں پر مشتمل ایک وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، قائم مقام رو سی سفیر ولادیمیر برزیوخ

پیر 16 اپریل 2018 21:02

روسی سرمایہ کار پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں، ..
فیصل آباد ۔ 16اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) روسی سرمایہ کار پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں اور اس سلسلہ میں ماسکو کے تاجروں پر مشتمل ایک وفد بہت جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ یہ بات رشین فیڈریشن کے قائم مقام سفیر ولادیمیر برزیوخ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے دوران مقامی تاجروں ، صنعتکاروں اور برآمد کنندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے روسی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی سٹیل مل اور گدوپاور پلانٹ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ اقتصادی تعاون کی علامت ہے جبکہ حال میں ہی کراچی، لاہور گیس پائپ لائن بچھانے کا معاہدہ ہوا ہے جس سے پاکستان کے توانائی کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ رواں سال جنوری میںپاکستان اور روس کی کمپنیوں پر مشتمل کنسورشیم کے درمیان بھی ایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیںجس کے تحت کوہاٹ میں ایک سو ہزار بیرل تیل کو روزانہ صاف کرنے کی آئل ریفائنری لگائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور روس کے درمیان ایک اور معاہدے پر دستخط ہونگے جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان بینکاری کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ماسکو کے تاجروں پر مشتمل ایک وفد بہت جلد پاکستان کا دورہ کرے گا جس سے مقامی تاجروں سے تعاون کی نئی راہیں کھولی جا سکیں گی۔ مسٹر ولاد یمیر نے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کیلئے روسی برآمدات میں 96 فیصد جبکہ پاکستانی برآمدات میں 209 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم دونوں ملکوں کو علاقائی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو بڑھانے کیلئے تجارت میں تنوع کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں میں ریلوے، کمیونی کیشن ، تعمیرات ، ریفائنری اور دیگر بڑے بڑے منصوبوں میں تعاون کے مواقعے موجود ہیں اور اسی سلسلہ میں دونوں ملکوں کی حکومتیں بھی سنجیدہ ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان براہ راست رابطوں کی اشد ضرورت ہے۔

پاکستان کو 5 3 ہیلی کاپٹر دینے کے بعد ٹی۔ 17 ٹینکوں کی فروخت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں روسی قائم مقام سفیر نے کہا کہ اسلحہ کی فروخت دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے فوجی تعاون کی علامت ہے تاہم ٹینکوں کی فروخت کے سلسلہ میں فی الحال مزید بات چیت ہو گی۔ بیلٹ اینڈ روڈ کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ روسی کمپنیاں اس سلسلہ میں چین اور پاکستان کی طرف سے سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت کی منتظر ہیں۔

تعلیم کے شعبہ میں تعاون کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ماسکو تعلیمی شعبہ میں تعاون کیلئے وفد پاکستان بھیجنے کو تیار ہے جس کے تحت دونوں ملکوں کی سرکردہ یونیورسٹیوں کے درمیان وفود کا تبادلہ ہو سکے گا ۔انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی طرف سے رشین فیڈریشن کو تجارتی وفد بھیجنے کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ وہ اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کرینگے۔

انہوں نے فیصل آباد اور روس کے ٹیکسٹائل سے متعلقہ شہروں کو آپس میں جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز کو بھی سراہا ۔ روسی اسلحہ کی فروخت بارے مسٹر ولاد یمیر نے کہا کہ یہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کے درمیان ہونے والے معاہدے سے منسلک ہیں۔ اس لئے اس حوالے سے پاکستانی حکام سے بات چیت کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر شیخ فاروق یوسف نے کہا کہ برکس کا ممبر ہونے کی وجہ سے روس پاکستانی معیشت کے فروغ کے سلسلہ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے ٹیکسٹائل ، ایگر و انڈسٹریل ، لائیو سٹاک ، چمڑے کی مصنوعات ، تیل اور گیس کی تلاش ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹور ازم کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کو ان مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھانا ہو گا۔ شیخ فاروق یوسف نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور ماسکو چیمبر کے درمیان براہ راست رابطے بڑھانے کی بھی تجویز پیش کی اور کہا کہ اس سلسلہ میں ایک تجارتی وفد روس کا جلد دورہ کرے گا۔

اس سے قبل سوال وجواب کی نشست ہوئی جس میںنائب صدرمیاںعثمان رئوف، انجینئر احمد حسن ، مرزا توصیف احمد، انجینئر سہیل بن رشید ، انعام افضل خاں اور سیکرٹری جنرل عابد مسعود نے حصہ لیا ۔انعام افضل خاں نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ قائم مقام صدر شیخ فاروق یوسف نے قائم مقام روسی سفیر ولادیمیر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی خصوصی شیلڈ پیش کی۔ بعد میں قائم مقام روسی سفیر نے بھی شیخ فاروق یوسف کو تحفہ پیش کیا جبکہ مرزا توصیف احمد نے رشین فیڈریشن کے ویزا آفیسرمسٹرویڈیم زیٹ کووکوچیمبرکی شیلڈپیش کی۔

متعلقہ عنوان :