توانائی بحران سے نجات کیلئے سولر ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانے اورشعور اجاگر کرنے کیلئے فزکس ماہرین کو آگے آنا ہوگا،ڈاکٹر محمد اقبال ظفر

پیر 16 اپریل 2018 19:54

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آبا د کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کے حالیہ بحران سے نجات کیلئے سولر ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانے اورشعور اجاگر کرنے کیلئے فزکس ماہرین کو آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فارم سے صارف تک پہنچنے کے دوران دودھ کی خاصی مقدار جبکہ پھل اور سبزیاں بھی ضائع ہورہی ہیں جبکہ اگر فارم کی سطح پر سولر انرجی کے حامل ملک چلرز‘ پلمنگ اور پراسیسنگ پلانٹس کیلئے کسان کی مدد کی جائے تو دیہی سطح پر خوشحالی کا نیا دور شروع ہوسکتا ہے جس سے نئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے زرعی یونیورسٹی فیصل آبا دشعبہ فزکس کے زیراہتمام تجرباتی اور نظریاتی فزکس میں نئے اہداف کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

نیو سینٹ ہال میں دو روزہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی خطاب کرتے ہو ئے کہی۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ اپنی تحقیقات میں اطلاقی فزکس کے موضوعات پر توجہ دیں تاکہ بہتر سمجھ بوجھ کے ساتھ معاشرے کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے ہے اور فزکس میں تھیوری کی خاطر خواہ سمجھ بوجھ کیلئے خوب محنت کریں تاکہ عملی فزکس سے جانکاری میں آسانی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہرچند شعبہ فزکس میں 17اساتذہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ شعبہ فزکس کے ماہرین یونیورسٹی کی بہتر رینکنگ کیلئے بھی اپنا کردار مزید توانائی سے ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ذہین ترین انسان نے اپنے دماغ کا صرف 5فیصد حصہ استعمال کیا تھا لہٰذا ضرورت ہے کہ آج کے نوجوان موبائل‘ ٹیلی ویژن اور کمپیوٹر سکرین سے اپنی توجہ ہٹاتے ہوئے معاشرے میں موجود حقیقی مسائل کا ادراک کریں اور ان کا پائیدار حل تلاش کرنے کیلئے اپنے ذہن و قلب میں نئے آئیڈیاز کو جگہ دیں۔

ڈین کلیہ سائنسز ڈاکٹر محمد اصغر باجوہ نے کہاکہ کلیہ سائنسز کے اساتذہ یونیورسٹی کی قومی و بین الاقوامی رینکنگ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رواں دہائی کے دوران فزکس میں قابل ‘ باصلاحیت اور محنتی اساتذہ شامل ہوئے ہیں اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ جلد ہی ان کی خدمات کی وجہ سے یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری نظر آئے گی۔ چیئرمین شعبہ فزکس ڈاکٹر عبدالغفار نے بتایا کہ 1980ء سے قائم شعبہ فزکس میں یہ پہلی بین الاقوامی کانفرنس انعقاد پذیر ہورہی ہے جس سے طلباء و طالبات کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کا موقع میسر آئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ شعبہ کے ڈیڑھ درجن اساتذہ ایم ایس سی‘ ایم فل اور پی ایچ ڈی کلاسزکی رہنمائی کر رہے ہیں۔کانفرنس سے ملائشین یونیورسٹی کی پروفیسرنورانی موتی محمد‘ ڈاکٹر شہرین انور سلیمان‘ لمز لاہور کے ڈاکٹر محمد فریاد‘ ڈاکٹر خیرالدین ثناء اللہ‘ ڈاکٹر شبیر مہر‘ ڈاکٹر یاسر جمیل‘ ڈاکٹریاسین ناز اور ڈاکٹر مظہرعلی کلیار نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :