عام انتخابات سے پہلے ہمیشہ کنگز پارٹیاں بنتی ہیں، اس دفعہ باشعور عوام ’’میڈ ان کوئٹہ‘‘اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ جیسی پارٹیوں کے سبز باغ میں نہیں آئیں گے،افتخار چوہدری

یہ سب وہی چہرے ہیں جو پہلے ہی کئی دفعہ عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا چکے ہیں، خصوصی گفتگو

پیر 16 اپریل 2018 19:54

عام انتخابات سے پہلے ہمیشہ کنگز پارٹیاں بنتی ہیں، اس دفعہ باشعور عوام ..
رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء) سابق چیف جسٹس آف پاکستان و پاکستان جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی(پی جے ڈی پی)کے سربراہ جسٹس (ر)افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات سے پہلے ہمیشہ کنگز پارٹیاں بنتی ہیں لیکن اس دفعہ باشعور عوام ’’میڈ ان کوئٹہ‘‘اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ جیسی پارٹیوں کے سبز باغ میں نہیں آئیں گے کیونکہ یہ سب وہی چہرے ہیں جو پہلے ہی کئی دفعہ عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا چکے ہیں۔

گزشتہ روز اپنے دورہ رحیم یار کان کے دوران’’آن لائن‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنگز پارٹیاں ہمیشہ مفاد پرست عناصر پر مشتمل ہوتی ہیں جو مسلم لیگ(ن) سے شروع ہوئی تھیں اور بعد میںانہیں کبھی مسلم لیگ (ق)،کبھی پی پی پی پیٹریاٹ اور اب کوئٹہ پارٹی اور جنوبی پنجاب صوبہ محاز کا نام دیا گیا ہے تاہم اس دفعہ عوام انکے دھوکے میں نہیں آئیں گے اور انہیں توقع ہے کہ ملک بھر کی عوام اس دفعہ پاکستان جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی پر اپنے اعتماد کا اظہار کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پی جے ڈی پی کو ملک بھر کے عوام سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے اور عوام جوق در جوق انکی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں اور توقع ہے کہ ملک بھر سے بیشتر قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انکے امیدوار کھڑے ہونگے اور اگر عوام نے ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا تو پاکستان میں ایک نئے سنہری دور کا آغاز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل224کے تحت اسمبلی کی مدت پوری ہونے کے بعد ساٹھ روز کے اندر اندر نئے عام انتخابات کا انعقاد ضروری ہوتاہے اس لئے آئندہ عام انتخابات وقت مقررہ پر نہ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں احتساب کو جو عمل شروع ہوا ہے اس سے توقع ہے کہ پاکستان میں کرپشن کا کافی حد تک خاتمہ ہو جائے گااور جو لوگ اس وقت سمجھ رہے ہیں کہ انہوں نے سلیمانی ٹوپی پہنی ہوئی ہے انکا یوم حساب بھی عنقریب شروع ہونے والا ہے۔انہوں نے سابق صدر اور چیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری کہ اس بیان پر کہ انہوں نے سیاسی جماعت اس لئے بنائی ہے کہ وہ صدر مملکت بننا چاہتے ہیں ،پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک دہائی سے زائد باوقار طریقے سے پاکستانی عوام کی خدمت کی ہے اس لئے عوامی عہدوں کا انہیں کوئی شوق نہیں ہے صدر مملکت یا وزیر اعظم جیسے عہدے آصف زرداری جیسے لوگوں کی کمزوری ہوتے ہیں کیونکہ انہوں نے ان عہدوں کی آڑ میں اربوں روپے کی کرپشن کرنا ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی سیاسی جماعت اس لئے بنائی ہے تاکہ پاکستانی عوام کو روائتی سیاستدانوں سے نجات دلائی جا سکے۔۔